Thursday, April 18, 2024

کراچی میں اسلحہ اور گولہ بارود کا ایک اور بڑا ذخیرہ پکڑا گیا

کراچی میں اسلحہ اور گولہ بارود کا ایک اور بڑا ذخیرہ پکڑا گیا
November 26, 2016

کراچی (92نیوز) سندھ رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کی اور بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ سے منسلک ایم کیوایم لندن کے عسکری دہشت گرد سمیت سائبرکرائم میں ملوث گروہ کو گرفتار کر لیا۔ ملزموں سے بڑی تعدادمیں اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن شو مارکیٹ سے اسلحہ کے کھیپ برآمد ہوئی۔ را سے منسلک ایم کیو ایم لندن کے عسکری ونگ کے دہشت گرد عتیق عرف جھینگا نے اسلحہ کی نشاندہی کی۔ ترجمان رینجرزکے مطابق عتیق عرف جھینگا کو گارڈن شومارکیٹ کے علاقے سے ہی گرفتار کیا گیا۔ ملزم ٹارگٹ کلنگ‘ بھتہ خوری‘ اسلحہ کو ذخیرہ کرنے سمیت مختلف جرائم میں ملوث تھا۔

ملزم کی نشاندہی پردکان سے برآمد ہونے والے اسلحے میں 2ایل ایم جی، 4ایس ایم جیز، 22بور اسنائپر رائفل، 3بارہ بور ریپیٹر، ٹرپل ٹو رائفل، 3عدد ماوزر اور سات پستولوں سمیت ہزاروں گولیاں شامل ہیں۔ دوسری جانب رینجرز نے گلشن اقبال سے سائبرکرائم میں ملوث چار رکنی گروہ گرفتار کرلیا۔

ترجمان کے مطابق جاویدخان، صلاح الدین، شاہ نواز اورذوالفقار انٹرنیٹ کے ذریعے اے ٹی ایم فراڈ اور بینک اکاو¿نٹس ہیک کرتے تھے۔ انہوں نے جعلی کریڈٹ کارڈزکے ذریعے 80 لاکھ یورو اور 10 لاکھ ڈالر کی دنیا بھر میں ترسیل اور مزید70 لاکھ ڈالر کی منتقلی کی منصوبہ بنایا تھا۔

ملزموں کے قبضے سے ایک نائن ایم ایم پستول‘ میگ نیٹک اسٹریپ آرڈ بلیومشین اور 120میگ نیٹک اسٹریپ کارڈز برآمد ہوئے۔ ادھر نیوکراچی سے عبد القدیرنامی مبینہ ٹارگٹ کلر پکڑا گیا۔ ملزم نے چار افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔