Monday, September 16, 2024

کراچی میں احتجاج کرنیوالوں پر پولیس اور رینجرز نے گولی نہیں چلائی : پرویزرشید ،زبیر عمر

کراچی میں احتجاج کرنیوالوں پر پولیس اور رینجرز نے گولی نہیں چلائی : پرویزرشید ،زبیر عمر
February 2, 2016
اسلام آباد(92نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے پی آئی اے نجکاری کے خلاف احتجاج کو سیاسی کھیل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں احتجاج کرنے والوں پر پولیس اور رینجرز نے گولی نہیں چلائی بلکہ جلوس کے اندر سے شاید گولی چلائی گئی وزیر نجکاری محمد زبیر کہتے ہیں پی آئی اے کی نجکاری کیلئے چھے ماہ کا وقت دینے کیلئے تیار ہیں۔ تفصیلات کےمطابق اسلام آباد میں محمد زبیر اور دانیال عزیز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ ہڑتالیں پی آئی اے کے مفاد میں نہیں بلکہ یہ پی ٹی آئی کے مفاد میں ہیں جو کہ پاکستان کی ترقی کو روکنا چاہتے ہیں، لاہور اورراولپنڈی میں بھی احتجاج ہوا مگر وہاں گولی نہیں چلی تاہم کراچی میں جلوس کے اندر سے گولی چلائی گئی۔ پرویز رشید نے کہا کہ کراچی میں پی ٹی آئی کے پارٹنرز احتجاج میں شامل تھے اور انکا مقصد تھا کہ دو تین لاشیں گریں اور لاشوں پر یہ سیاست کریں جس طرح عمران خان نے دھرنے کے موقع پر لاشیں گرانے کی سازش کی تھی۔ وزیر اطلاعات کہتے ہیں  مسلم لیگ نون نے عام انتخابات کے موقع پر اپنے منشور میں خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری کا وعدہ کیا تھا اور ہم یہ وعدہ پورا کریں گے وزیر مملکت محمد زبیر نے کہا کہ تحریک انصاف کے منشور میں بھی پی آئی اے کی نجکاری کرنا شامل ہے اور آج وہ اس منشور کے خلاف باتیں کر رہے ہیں۔