Wednesday, April 24, 2024

کراچی میں آتشزدگی واقعات، ماں اور بیٹی جُھلس کر جاں بحق، باپ اور بیٹا زخمی

کراچی میں آتشزدگی واقعات، ماں اور بیٹی جُھلس کر جاں بحق، باپ اور بیٹا زخمی
December 13, 2020

کراچی (92 نیوز) کراچی میں لانڈھی سیکٹر 36 بی کے ایک گھر میں آگ لگنے کے باعث ماں اور بیٹی جان کی بازی ہارگئے، جبکہ باپ اور بیٹا شدید زخمی ہوئے۔ پرانا گولیمار اور کلفٹن میں بھی آتشزدگی کے واقعات ہوئے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

کراچی کے علاقے لانڈھی زمان آباد میں ہنستا بستا گھر اجڑ گیا۔ کچن میں لگنے والی آگ نے سب کچھ راکھ کردیا۔

بھڑکتے شعلوں نے پَل بھر میں ماں اور سال کی معصوم بچی کی جان لے لی، جبکہ آگ سے جُھلس کر گھر کا سربراہ اور 6 سال کا بیٹا شدید زخمی ہوئے۔ جنہیں علاقہ مکینوں نے ریسکیو کرتے ہوئے جناح اسپتال منتقل کیا۔

پرانا گولیمار میں ایک دکان میں بھی آگ بھڑک اُٹھی، دیکھتے ہی دیکھتے شعلے بلند ہونے لگے۔ فائر فائٹرز کو 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ بجھانے میں کامیابی ملی۔

کلفٹن، بلاک ون کے ایک رہاٸشی فلیٹ میں بھی آگ لگی، آتشزدگی کا واقعہ فلیٹ کے کچن میں پیش آیا، جہاں موجود سارا سامان جل کر راکھ ہوگیا۔ ایک گھنٹے بعد آگ کو بُجھا دیا گیا۔