Thursday, April 25, 2024

کراچی میں آئی آئی چندریگر روڈ پر پولیس اہلکار کی فائرنگ ، ایک شخص جاں بحق

کراچی میں آئی آئی چندریگر روڈ پر پولیس اہلکار کی فائرنگ ، ایک شخص جاں بحق
August 7, 2020
کراچی (92 نیوز) کراچی میں آئی آئی چندریگر روڈ پر پولیس اہلکار کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، ایک زخمی ہو گیا۔ پولیس اہلکاروں کے مطابق انہوں نے ملزم سمجھ کر فائرنگ کی اہلکار زخمیوں کو اسپتال چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ جاں بحق شخص کی شناخت اسلم جبکہ زخمی کی وقار کے نام سے ہوئی۔ عینی شاہد کے مطابق  ٹیکنوسٹی کےقریب قریب دو دوست اسلم اور وقار ایک دوسرے سے مزاق کر رہے تھے۔ پولیس نے نہ جانے کیا سمجھا اور بغیر وارننگ دیئے ان پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ سے اسلم موقع پر دم توڑ گیا جبکہ وقار گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ پولیس نے دونوں کی تلاشی لی تو کوئی اسلحہ نہ ملا اور نہ واردات کےکوئی شوائد ملے جس پر پولیس نے دونوں کو اٹھا کر سول اسپتال چھوڑا اور فرار ہو گئے۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد ایک شہری نے موبائل فون سے ویڈیو بنا لی۔ ویڈیو میں پولیس اہلکاروں کو اسلحہ اٹھائے دیکھا جاسکتا ہے ۔ فوٹیج میں ایک خوف زدہ شہری کو ہاتھ اوپر کھڑے کئے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ خبر نشر ہونے کے بعد پولیس حکام نے پولیس موبائل پر تعینات عمران حبیب، عمران اور سرفراز کو حراست میں لے لیا۔ اہلکاروں کے زیراستعمال اسلحےکو بھی تحویل میں لے لیا۔ ماضی میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے کئی قیمتی زندگیاں موت میں بدل چکی ہیں۔ صرف دو ہزار اٹھارہ اور انیس میں ہی پولیس کی لاپرواہی کے چھ بڑے واقعات سامنے آئے تھے۔ تیرا جنوری دو ہزار اٹھارہ کو اے سی ایل سی اہلکاروں کی فائرنگ سےانتظار احمد نامی نوجوان مارا گیا تھا۔ اس واقعہ کے صرف سات دن بعد یعنی بیس جنوری کو شارع فیصل پر رکشے میں سوار مقصود پر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔ تیرا اگست کو اختر کالونی کے قریب پولیس کی فائرنگ سے کار میں والدین کے ساتھ بیٹھی  دس سالہ امل عمر جاں بحق ہوئی۔ ان دو واقعات کی دھول ابھی جمی بھی نہیں تھی، 23فروری دوہزار انیس کو نارتھ کراچی میں پولیس کی فائرنگ سےمیڈیکل کی طالبہ نمرا بیگ جاں بحق ہوئی۔ چھ اپریل دو ہزار انیس کو قائد آباد میں پولیس کی فائرنگ سے دس سالہ سجاد جان سے گیا۔ ٹھیک دس دن بعد سولہ اپریل  دو ہزار انیس کو صفورہ چورنگی کےقریب  پولیس کی فائرنگ سےچند ماہ کا بچہ احسن شیخ مارا گیا۔