Saturday, May 11, 2024

کراچی میں 4 سے 6 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ پھر شروع

کراچی میں 4 سے 6 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ پھر شروع
September 18, 2020
کراچی (92 نیوز) کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ایک بار پھر قابو سے باہر ہونے لگی، مختلف علاقوں میں چھ سے سات گھنٹے بجلی بند ہونے سے شہری اذیت کا شکار ہوگئے، حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کرکے کسی دوسری کمپنی کو دیا جائے۔ چیف جسٹس آف پاکستان کے احکامات کی دھجیاں اڑادی گئیں، کے الیکٹرک ایک بار اپنے پرانی روش پر لوٹ آیا، شہر قائد میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیا۔ کراچی میں کہیں چار، کہیں چھ تو کہیں سات گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، ملیر، قائدآباد، لانڈھی، کورنگی اور شاہ فیصل کالونی کے کئی علاقے شدید متاثر ہیں۔ اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، سرجانی ٹاؤن بھی بجلی کی بندش سے متاثر ہیں کھارادر، لیاری، کیماڑی اور منظور کالونی کےعلاقوں میں بھی بجلی لوڈشیڈنگ مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ شہری کہتے ہیں سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود لوڈ شیڈنگ کرنے پر توہین عدالت کی کارروائی ہونا چاہیئے۔ شہری بجلی کی بندش کےساتھ زائد بلوں سے بھی پریشان ہیں۔ کراچی والے مطالبہ کرتےہیں کہ شہر میں مزید کمپنیوں کو بجلی سپلائی کرنے کی اجازت دی جائے۔