Wednesday, May 1, 2024

کراچی میں 2015ء کے دوران دستی بم اور کریکرز کے 75حملے ہوئے

کراچی میں 2015ء کے دوران دستی بم اور کریکرز کے 75حملے ہوئے
December 27, 2015
کراچی (92نیوز) کراچی میں 2015ءکے دوران بم دھماکوں‘ دستی بم حملوں اور دیسی ساختہ کریکرز سے 75 حملے کیے گئے جن میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں سمیت 13 افراد جاں بحق اور 147 سے زائد زخمی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق 2015ءکے پہلے مہینے میں بھیم پورہ ، لیاری اور ملیر کے علاقوں میں دستی بموں اورٹینس بال بموں سے15 حملے کیے گئے جس میں خاتون اور بچی سمیت 3 افراد جاں بحق اور پولیس اہلکاروں سمیت 35 افراد زخمی ہوئے۔ فروری میں گلشن اقبال کے اسکول پر دیسی ساختی کریکر پھینکے گئے‘ لیاری میں دستی بموں کے6 حملوں میں 14 افراد زخمی ہوئے۔ مارچ میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں تیزی آئی۔ قائد آباد مرغی خانے کے نزدیک اسپیشل سکیورٹی یونٹ کی بس اور آرام باغ میں بوہرہ جماعت خانے کے باہر موٹر سائیکل بم دھماکے کیے گئے۔ شارع نورجہاں پر رینجرز موبائل پرخود کش حملہ ہوا۔ اورنگی ٹاون میں بن کباب کی دکان کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔ اس ماہ مجموعی طور پر رینجرز اور پولیس کے دو‘ دو اہلکاروں سمیت 5 افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہوئے۔ اپریل میں لیاری کے مختلف علاقوں میں3 دستی بم حملے پولیس اہلکار سمیت 5 افراد کو زخمی کر گئے۔ مئی میں لیاری میں دستی بموں اور آوان گولوں کے 10 حملوں میں رکن صوبائی اسمبلی جاوید ناگوری کے بھائی اکبر ناگوری جاںبحق اور پولیس اہلکاروں سمیت 20 افراد زخمی ہوئے۔ جون اور جولائی میں لیاری اور ملیرسٹی میں چار دستی بم حملے ہوئے۔ اگست میں پہلوان گوٹھ میں مارٹر حملہ کیا گیا۔ ستمبرمیں ایک بارپھر لیاری میں آوان اور دستی بموں کے 4 دھماکوں میں ایک شہری جاںبحق اور 7 زخمی ہوئے۔ اسی ماہ ملیر میں پولیس کے چھاپے کے دوران فرحان عرف پہلوان نامی دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے بھی اڑایا۔ اکتوبر میں لیاری میں ہی دو دستی بم حملوںمیں دو افراد زخمی ہوئے۔ نومبر میں کاونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ ٹو کی عمارت کے باہر دیسی ساختہ کریکر پھینکاگیا جبکہ لیاری شاہ ولی اللہ روڈ پر راکٹ اور دستی بموں سے حملے ہوئے۔ اس ماہ لی مارکیٹ میں ایک ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کا دھماکابھی کیا گیا۔ نومبر میں مجموعی طور پر ایک شہری جاںبحق اور 24 افراد زخمی ہوئے۔ سال کے اختتامی مہینے میں اب تک صرف ایک دستی بم حملہ رپورٹ ہوا جس میں چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔