Saturday, April 20, 2024

کراچی میں 15 سالہ لڑکے کو چوری کے الزام میں مار مار کر ہلاک کر دیا گیا

کراچی میں 15 سالہ لڑکے کو چوری کے الزام میں مار مار کر ہلاک کر دیا گیا
August 18, 2019
 کراچی (92 نیوز) کراچی میں 15 سالہ لڑکے کو چوری کے الزام میں مار مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ واقعہ بہادر آباد کوکن سوسائٹی میں پیش آیا۔ ریحان کو دو گھنٹے تک وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ بہادر آباد کوکن سوسائٹی کے رہائشیوں کا  15 سالہ مبینہ چور ریحان پر وحشیانہ تشدد اس کی زندگی کا چراغ گُل کر گیا۔ ۔ پولیس کے مطابق مبینہ ملزم ریحان اپنے ساتھی کے ہمراہ صبح 11 بجے بنگلے میں چوری کی نیت سے داخل ہوا تھا تاہم پکڑے جانے پر اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ایس ایچ او فیروز آباد نے بتایا کہ مبینہ ملزم کو صبح گیارہ بجے سے دوپہر ایک بجے تک کئی لوگوں نے تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد  رینجرز  ہیلپ لائن پر  واقعہ کی اطلاع دی گئی تاہم بروقت طبی امداد نہ ملنے پر مبینہ ملزم دم توڑ گیا ۔ اُدھر ہلاک مبینہ ملزم کی پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی سامنے آگئی۔ ڈائریکٹر جناح اسپتال ڈاکٹر سیمی جمالی نے تصدیق کی ہے کہ بچے کی موت سر پر چوٹ  لگنے  کے باعث  ہوئی ہے ۔ وزیرا علیٰ سندھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے بچے کے قاتلوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔