Sunday, April 28, 2024

کراچی ، میڈیکل ٹیسٹ کیلئے این ٹی ایس کا پرچہ آوٹ ہونے کے باوجود پرچے کا انعقاد

کراچی ، میڈیکل ٹیسٹ کیلئے این ٹی ایس کا پرچہ آوٹ ہونے کے باوجود پرچے کا انعقاد
October 28, 2018
کراچی (92 نیوز) کراچی میں میڈیکل ٹیسٹ کیلئے این ٹی ایس کا پرچہ آوٹ ہونے کے باوجود پرچے کا انعقاد کیا گیا۔ کراچی میں میڈیکل ٹیسٹ کیلئے این ٹی ایس کا پرچہ آوٹ ہو گیا۔ پرچہ ہونے سے پہلے ہی صبح سویرے سوالنامہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔ پرچہ آوٹ ہونے پر ایف آئی اے نے حیدرآباد، سکھر اور دادو سے دس افراد کو حراست میں لیکر تحقیقات شروع کر دی ہے۔ زیر حراست افراد پر پرچہ لیک کرنے میں سہولت کاری کا الزام ہے۔ پرچہ آوٹ ہونے کے باوجود کراچی کی نجی یونیورسٹی میں میڈیکل ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں آٹھ ہزار امیدوار شریک ہوئے۔ ادھر سندھ حکومت نے بیٹھنے کی مناسب جگہ اور پینے کے پانی تک کا انتظام بھی نہیں کیا۔ شدید گرمی میں طلبہ اور والدین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ حکومت کو تو خیال نہ آیا۔ کچھ فلاحی تنظیموں کو احساس ہو گیا تو یونیورسٹی کے اطراف ٹینٹ لگا کر طلبہ اور ان کے والدین کو پینے کا صاف پانی اور شربت فراہم کیا۔ ادھر این ٹی ایس کراچی کے انچارج مسعود رضوی نے پرچہ آوٹ ہونے کی تردید کر دی اور کہا کئی روز خبریں گردش کر رہی ہیں تاہم پرچہ آوٹ نہیں ہوا جبکہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق رفیع کا کہنا ہے کہ پرچہ آوٹ ہونے کی کوئی اطلاع نہیں۔