Sunday, September 8, 2024

کراچی : میمن مسجد میں عبدالستارایدھی کی رسم سوئم ادا ،سیاسی و مذہبی شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت

کراچی : میمن مسجد میں عبدالستارایدھی کی رسم سوئم ادا ،سیاسی و مذہبی شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت
July 10, 2016
کراچی(92نیوز)کراچی کی میمن مسجد میں انسانیت کےمسیحا عبدالستارایدھی کےسوئم کا انعقاد کیا گیا،جس میں سیاسی ومذہبی شخصیات کےعلاوہ شہریوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تفصیلات کےمطابق عالمی شہرت یافتہ سماجی رہنما عبدالستارایدھی کا سوئم کراچی کھارادر بولٹن مارکیٹ کی میمن مسجد میں ہوا، جس میں سیاسی ومذہبی شخصیات اور مختلف مکاتب فکر کے افراد سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی،میمن مسجد میں مرحوم کی مغفرت کیلئے قرآن خوانی بھی کروائی گئی۔ پیپلزپارٹی کےسینیٹر سعید غنی ایم کیوایم کےفاروق ستار۔ نامزد ڈپٹی مئیر ارشد وہرہ  تحریک انصاف کےرکن قومی اسمبلی عارف علوی، پاک سر زمین پارٹی کے رہنما ڈاکٹر صغیر، وسیم آفتاب اور افتخار عالم بھی سوئم میں شریک ہوئےفاروق ستار کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی ایک ہمدرد انسان اور مکمل انسٹیٹیوٹ تھے۔ تحریک انصاف کےعارف علوی نے کہا کہ ایدھی صاحب اپنی ذات میں انجمن تھے،ان کا مشن ہر صورت جاری رہنا چاہئے۔ پیپلزپارٹی کے سینیٹر سعید غنی کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی کواللہ نے وہ عزت بخشی، جو بڑے بڑے لوگوں کو نصیب نہیں ہوئی۔ سوئم کےبعد فیصل ایدھی نےکہا کہ عبدالستارایدھی کا انسانیت کی خدمت کا مشن جاری رکھا جائےگا فیصل ایدھی نے سوئم میں شرکت کرنےوالےتمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔