Friday, March 29, 2024

کراچی منگھوپیر میں دو بچوں کی لاشیں ملنے کا معاملہ ، قتل کی دفعہ کے تحت تفتیش شروع

کراچی منگھوپیر میں دو بچوں کی لاشیں ملنے کا معاملہ ، قتل کی دفعہ کے تحت تفتیش شروع
May 14, 2020
 کراچی (92 نیوز) کراچی منگھوپیر میں کار سے دو بچوں کی لاشیں ملنے کے معاملے پر پولیس نے قتل کی دفعہ کے تحت بھی تفتیش شروع کر دی۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق بچوں کو قتل کیا گیا۔ گاڑی کا فرانزک بھی مکمل کر لیا گیا۔ بچوں کے میڈیکل نمونے بھی کیمیکل ایگزامنر کو بھیج دیئے گئے۔ واضح رہے کراچی کے علاقے منگھو پیر میں افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا ۔ کار سے دو بچوں کی لاشیں ملی تھیں۔ دانش اور عبید دس مئی کو لاپتہ ہوئے تھے ۔ لاشیں ایف گیارہ بس اسٹاپ کے قریب کھڑی پرانی لاوارث گاڑی سے ملیں تھیں ۔ گاڑی سے تعفن اٹھنے پر اہل علاقہ نے پولیس کو اطلاع دی تھی ۔ پولیس نے گاڑی کے شیشے توڑے تو اندر بچوں کی لاشیں تھیں۔ علاوہ ازیں چار سالہ دانش زبیر اور 7 سالہ عبید سعید کے والدین نے رپورٹ درج کرائی تھی۔ والدین نے پولیس کو بیان دیا تھا کہ وقوعہ کے روز پولیس کی مدد سے پورے علاقے میں بچوں کو تلاش کیا گیا۔ قریب کے نالے میں بھی بچوں کو ڈھونڈا گیا تھا ۔ گاڑیوں کی بھی تلاشی لی گئی تھی ۔ کافی عرصے سے خراب کھڑی کار کے شیشوں پر مٹی ہونے کی وجہ سے بچے نظر نہیں آئے تھے ۔