Friday, May 3, 2024

کراچی: ملیر گرین ٹاؤن میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، لیاری اور کھارادر میں پولیس کی کارروائی، چار ملزم گرفتار

کراچی: ملیر گرین ٹاؤن میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، لیاری اور کھارادر میں پولیس کی کارروائی، چار ملزم گرفتار
May 17, 2016
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) کراچی کے علاقے لیاری اور کھارادر میں پولیس نے کارروائی میں چار ملزم گرفتار کر لیے۔ ملیر گرین ٹاؤن میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ مختلف علاقوں میں فائرنگ اور چھریوں کے وار سے دو خواتین سمیت چار افراد زخمی ہوئے۔ لیاری سنگولین اور میراں ناکہ سے پولیس نے تین ملزمان رشید، مسلم اور فرید کو گرفتار کر کے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لیں۔ کھارادر پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران ایک ملزم عدنان خان کے قبضے سے منشیات اور اسلحہ برآمد ہونے پر اسے گرفتار کر لیا۔ گرین ٹاؤن میں رات گئے فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جس کی شناخت اظہر کے نام سے ہوئی۔ گلستان جوہر بلاک 19 میں گھریلو جھگڑے کے دوران چھری کے وار سے ثمرین نامی خاتون زخمی ہو گئی۔ پاک کالونی کے علاقے پرانا گولیمار ریکسر پل کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر نامعلوم ڈاکوؤں کی فائرنگ سے احسان نامی نوجوان زخمی ہو گیا۔ ناظم آباد کے علاقے نصرت بھٹو کالونی میں گھر کے اندر بیٹھی خاتون امینہ بی بی نامعلوم سمت سے چلائی گئی گولی کا شکار ہو کر زخمی ہو گئی۔ ملیر 15 کے علاقے میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔