Friday, May 17, 2024

کراچی: مقامی عدالت نے بچہ اغوا کرنے والے 7ملزموں کا ریمانڈ دے دیا

کراچی: مقامی عدالت نے بچہ اغوا کرنے والے 7ملزموں کا ریمانڈ دے دیا
March 25, 2017
کراچی (92نیوز)کراچی میں مقامی عدالت نے بچہ اغواء کیس میں 7 ملزموں کا جسمانی ریمانڈ دیدیا جبکہ 4 خواتین کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا، اغواء ہونے والے مزید 2 بچوں کے والدین بھی ملزموں کی شناخت کیلئے عدالت پہنچ گئے۔ تفصیلات کےمطابق کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی نے بچہ اغواء کیس میں سات مرد ملزموں کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا جبکہ چار خواتین کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا، ملزموں میں جمعہ خان، مسیح اللہ، روزی خان، محمد انور، سرور، محمد عمر، خان محمد، مسرت، نذیرا، بانو گل اور ببوا شامل ہیں، تفتیشی افسر کے مطابق ملزموں سے دو روز کا بچہ اور ستاسی ہزار روپے بھی برآمد ہوئے۔ ادھر مزید دو مغوی بچوں کے والدین بھی ملزموں کو شناخت کرنے عدالت پہنچ گئے، حمیرا نامی خاتون نے میڈیا کو بتایا کہ پانچ سال قبل ان کی بیٹی کو قطر اسپتال سے اغوا کیا گیا تھا۔ دوسری جانب نازک حسین نامی شہری نے بتایا کہ ان کی صاحب زادی کو گزشتہ سال عباسی شہید اسپتال سے اغواء کیا گیا تھا، میری اہلیہ نے ملزمہ مسرت کو شناخت بھی کرلیا۔ عدالت نے عباسی شہید اسپتال سے بچی کے اغواء کے مقدمے میں بھی ملزمہ مسرت کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیتے ہوئے چار اپریل تک چالان طلب کرلیا۔