Tuesday, April 23, 2024

کراچی: مقامی سنیما گھر میں ٹکٹوں کی بلیک میں فروخت، لوگوں کو منتشر کرنے کیلئے گارڈ کی ہوائی فائرنگ

کراچی: مقامی سنیما گھر میں ٹکٹوں کی بلیک میں فروخت، لوگوں کو منتشر کرنے کیلئے گارڈ کی ہوائی فائرنگ
July 22, 2015
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) کراچی میں امن لوٹ آنے کے باعث رونقیں بحال ہوئیں تو عید کے دوسرے روز سینما گھروں میں لوگوں کا رش دیدنی تھا مگر خوشیوں کے اس میلے کو اس وقت نظر لگ گئی جب مقامی سینما گھر کے ایک گارڈ نے لوگوں کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کر دی۔ مقامی سینما گھر جہاں پاکستانی ہیرو ہمایوں سعید اور بھارت کے نامور ہیرو سلمان خان کی فلموں کی نمائش جاری تھی۔ فلم بین جب سینما گھر میں اپنی پسندیدہ فلمیں دیکھنے کے لیے پہنچے تو ٹکٹوں کے حصول کے لیے انہیں ایڑی چوٹی کا زور لگانا پڑا۔ ٹکٹوں کی بلیک میں فروخت دیکھ کر عوام آپے سے باہر ہو گئے۔ دھکم پیل شروع ہوئی تو سینما گھر کے گارڈ نے لوگوں کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کر دی۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ دو سو روپے کا ٹکٹ چار سو روپے اور چار سو روپے کا ٹکٹ آٹھ سو میں فروخت ہو رہا ہے۔ ہم عید کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے فلم دیکھنے آئے تھے مگر ہماری جیبیں کاٹی جا رہی ہیں۔ سینما گھروں کی رونقین بحال رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ عوام سے سستی تفریح نہ چھینی جائے تاکہ سینما گھروں کے باہر پورا سال ہاؤس فل کے بورڈ آویزاں نظر آئیں۔