Sunday, May 12, 2024

کراچی، مختلف علاقوں سے 9 ملزم گرفتار، اسلحہ اور لوٹا ہوا سامان برآمد

کراچی، مختلف علاقوں سے 9 ملزم گرفتار، اسلحہ اور لوٹا ہوا سامان برآمد
March 20, 2021

کراچی (92 نیوز) کراچی میں پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن سے اسلحہ اور لوٹا ہوا سامان برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے گئے۔

گلستان جوہر میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 لٹیرے زخمی حالت میں دھر لیے گئے۔ 10 ملزمان ایک ویئرہاؤس میں ڈکیتی کر رہے تھے، پولیس پہنچی تو گولیاں چلادیں، جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 2 ملزمان کو شکنجے میں لے لیا گیا۔ ملزمان سے اسلحہ، 4 موٹرسائیکلیں اور لوٹ مار کے سامان سے بھری گاڑی برآمد کرلی گئی۔

کورنگی پولیس اور رینجرز نے جمعہ گوٹھ میں آپریشن کے دوران 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان سے مسروقہ سامان برآمد کیا گیا۔ گرفتار ملزمان منشیات فروشی میں ملوث تھے۔

قائدآباد پولیس نے مہران ہائی وے پر کارروائی کرکے 4 ڈکیتوں کو گرفتار کیا، جن کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا۔