Wednesday, May 8, 2024

کراچی محمود آباد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن ، اینٹی انکروچمنٹ ٹیم پر مظاہرین کا پتھراؤ

کراچی محمود آباد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن ، اینٹی انکروچمنٹ ٹیم پر مظاہرین کا پتھراؤ
November 19, 2020
 کراچی (92 نیوز) کراچی محمود آباد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران اینٹی انکروچمنٹ ٹیم اور پولیس پر مظاہرین نے پتھراؤ کیا جس سے دو افراد زخمی جبکہ کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ کراچی پی ای سی ایچ ایس سے شروع ہونے والے ساڑھے آٹھ کلو میٹر طویل نالے پر ساڑھے تین کلومیٹر کے علاقے میں 837 غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کے لیئے بڑے دعوے کے ساتھ متعلقہ حکام نے علاقے میں انٹری کی کوشش کی جو ناکام ہوئی۔ سنئیر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات کے ایم سی بشیر صدیقی نے کہا آج نہیں تو کل آپریشن ضرور ہو گا۔ بعد میں سرکاری عملے نے بلوچ کالونی کی جانب سے علاقے میں داخلے کی کوشش کی تو عوام نے دھاوا بول دیا۔ پتھرائوں سے دو سرکاری ملازمین زخمی ہو گئے ۔ گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ پولیس نے راہ فرار اختیار کرتے ہوئے فائر اسٹیشن میں پناہ لی جسے عوام نے گھیر لیا۔ ایکسپریس وے اور کورنگی کازوے کو مشتعل افراد نے بلاک کر دیا۔ ایس پی جمشید فارق بجرای نے اہل علاقہ سے مزاکرات کیے ۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن عارضی طور پر موخر کیے جانے کی یقین دھانی پر مشتعل افراد امن کے طور پر منتشر ہو گئے۔ پولیس کا گھیرائو بھی ختم کر دیا اور تین گھنٹے بعد متاثرہ سڑکوں کو ٹریفک کے لیئے کھول دیا گیا۔ مشتعل اہل علاقہ کا کہنا تھا جب زمین آباد ہورہی ہوتی تو یہ ادارے پیسے لے کر آباد کرتے ہیں، جب غریب اپنی جمع پونجی لگا چکا تو توڑنے آگئے۔ علاقے کے معززین نے کہا ناجائز نہیں ہونے دیں گے۔