Friday, April 26, 2024

کراچی: متاثرہ عمارت میں پھنسے مکینوں کا مسئلہ حل ہو گیا

کراچی: متاثرہ عمارت میں پھنسے مکینوں کا مسئلہ حل ہو گیا
November 29, 2016

کراچی (92نیوز) کراچی میں پاکستان چوک کے قریب واقع خستہ حال عمارت رقیہ منزل سے رہائشی خاندانوں کو مذاکرات کے بعد باہرنکال لیا گیا ہے۔ گزشتہ روزعمارت کا زینہ زمین بوس ہونے کے بعد مکینوں نے معاوضے کی ادائیگی کے بغیر باہر آنے سے انکار کر دیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان چوک کے قریب واقع زینب منزل کا زینہ زمین بوس ہونے کے بعد عمارت میں موجود خواتین اور بچوں سمیت 10 سے زائد افراد محصور ہوکر رہ گئے۔ انہیں نکالنے کے لیے فائر بریگیڈ اسنارکل کے ہمراہ پہنچی لیکن انہوں نے عمارت کے مالک سے رقم لیے بغیر نیچے اترنے سے انکار دیا۔

بلڈنگ میں موجود مکینوں اور عمارت کے مالک کے درمیان انتظامیہ کی مداخلت پہ مذاکرات ہوئے۔ مالک کی جانب سے عمارت میں مقیم خاندانوں کو 5، 5 لاکھ روپے ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی اور تقریبا چوبیس گھنٹے بعد مکین عمارت خالی کرنے پر تیار ہو گئے اور خواتین اور بچوں سمیت تمام افراد کو اسنارکل کی مدد سے نیچے اتار لیا گیا۔

رہائشی خاتون کا کہنا تھا کہ اگر انہیں پیسے نہ ملے تو وہ پھر احتجاج کرینگے۔ ایس ایس پی ساوتھ اور ڈی سی ساؤتھ کی جانب سے مکینوں کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ عمارت کے مالک سے دس یوم کےاندر رقم لیکر ان کے حوالے کر دی جائیگی جبکہ مکینوں کا قیمتی سامان بھی اسنارکل کی مدد سے اتارا جائے گا۔