Sunday, September 8, 2024

کراچی: مبینہ پولیس مقابلے میں چار ملزم ہلاک

کراچی: مبینہ پولیس مقابلے میں چار ملزم ہلاک
September 4, 2017

کراچی (92 نیوز) کراچی میں سپرہائی وے پر کوئٹہ ٹاون میں مبینہ مقابلے کے دوران چار ملزم مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں میں ملالہ پر حملہ میں ملوث ملزم بھی شامل ہے۔ گلزار ہجری میں ملزموں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق، دوسرا زخمی ہوگیا۔ مبینہ ملزم عبدالکریم صدیقی زخمی حالت میں فرار ہوا۔

سچل کے علاقے میں دہشت گردی میں ملوث ملزمان کی موجودگی کی اطلاع ملی تو پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، فائرنگ ہوئی اور چار ملزم مارے گئے۔

ایس ایس پی راو انوار کا کہنا ہے کے ہلاک ملزموں میں سے ایک کی شناخت خورشید کے نام سے ہوئی۔ ہلاک ملزم کالعدم تحریک طالبان کے دہشت گرد سربراہ ملا فضل اللہ کا رشتہ دار اور کئی حملوں میں ملوث ہے۔

گلزار ہجری میں پولیس پر حملہ ہوا۔ فائرنگ سے پولیس اہلکار اعجاز جاں بحق اور خالد زخمی ہوگیا، ایس ایس پی ملیر کے مطابق پولیس اہلکار چھاپہ مار کارروائی کے دوران پولیس کو نشانہ بنایا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق مبینہ ملزم عبدالکریم صدیقی جائے وقوعہ سے زخمی حالت میں فرار ہوا، جس کی گرفتاری کیلئے اسپتالوں میں چھاپے مارے جارہے ہیں، پولیس نے ملزم کے والد سجاد صدیقی کی نشاندہی پر ڈیفنس سے کالعدم انصار الشریعہ سے تعلق کے الزام میں ایک شخص کو حراست میں لے لیا۔۔

پولیس ذرائع کے مطابق مبینہ ملزم عبدالکریم صدیقی جامعہ کراچی میں اپلائڈ فزکس کا طالب علم ہے، نائنٹی ٹو نیوز نے ملزم کی تصویر، شناختی کارڈ اور یونیورسٹی کارڈ کی کاپی حاصل کرلی ہے۔