Thursday, March 28, 2024

کراچی : آگ نے 3 معصوم بہن بھائیوں کی جان لے لی

کراچی : آگ نے 3 معصوم بہن بھائیوں کی جان لے لی
January 10, 2017

کراچی (92نیوز) کراچی کے علاقے لیاری کھڈا مارکیٹ کی رہائشی عمارت میں آگ لگ گئی، عمارت میں دھواں بھر جانے سے 3 کم سن بچے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ والدین کی حالت بھی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں آتشزدگی کا ایک اور واقعہ جان لیوا ثابت ہوا۔ لیاری کھڈا مارکیٹ کی رہائشی عمارت کے اندرونی حصے میں کچرے میں لگائی گئی آگ شدت اختیار کرگئی اور ایک فلیٹ کو لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث فلیٹ میں دھواں بھرگیا اور مکین محصور ہوگئے۔

علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت فلیٹ میں محصور والدین اور ان کے تین بچوں کو ریکسیو کیا اور اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں دوران علاج تین کم سن بہن بھائی زندگی کی بازی ہارگئے جبکہ والدین کی حالت بھی نازک بتائی جارہی ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق فائر بریگیڈ اور ریسکیو حکام وقت پر پہنچ جاتے تو جانی نقصان نہ ہوتا۔

فائربریگیڈ نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا جبکہ جاں بحق بچوں کی شناخت دو سالہ علیان، چار سالہ عبدالعزیز اور تین سالہ آمنہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔