Friday, April 26, 2024

کراچی ، لیاری ریلی میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلاول بھٹو کو نوٹس جاری

کراچی ، لیاری ریلی میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلاول بھٹو کو نوٹس جاری
July 3, 2018
کراچی (92 نیوز) کراچی میں ڈی سی جنوبی نے لیاری ریلی میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر چئیرمین پی پی بلاول بھٹو کو نوٹس جاری کر دیا اور 5 جولائی تک جواب طلب کر لیا ۔ نوٹس کے مطابق بلاول بھٹو نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ریلی نکالی۔ نوٹس میں کہا گیا پانچ جولائی تک جواب جمع نہ کرایا گیا تو سخت کارروائی کی جا سکتی ہے۔ ادھر پیپلز پارٹی رہنما سعید غنی نے کہا کہ بلاول بھٹو کو جاری کیا گیا نوٹس ابھی ملا نہیں، نوٹس ملنے پر جواب دینگے۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی مہم کے سلسلے میں لیاری ریلی نکالی۔ ترجمان بلاول بھٹوزرداری نےکہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی کراچی سے خیبر تک گاؤں، گاؤں شہر، شہر جائیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری کا قافلہ  جہاں جہاں رکا ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، ملیر میں جیالوں نے پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں ۔ ترجمان بلاول بھٹو زرداری سینیٹر مصطفیٰ نواز کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی شہرقائد سے ملک گیر انتخابی مہم پر نکلے ہیں، کراچی سے خیبر تک گاؤں، گاؤں شہر، شہر جائیں گے، میڈیا انتخابی مہم کو اندرون سندھ  کے دورے کا تاثر دینا چھوڑ دے ۔ گھارو میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ پہلی مرتبہ ووٹ مانگنے آئے ہیں، جس طرح شہید بھٹو اور شہید بی بی نے عوام سے کئے وعدے نبھائے وہ بھی عوام سے کئے وعدے پورے کریں گے ۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ عوام، ہاری اور مزدور کی خدمت پیپلزپارٹی کا منشور ہے، جس پر عمل کے لئے انہیں عوام کا ساتھ چاہئے ۔