Thursday, May 9, 2024

کراچی ، لاہور اور پشاور میں پٹرول اور ڈیزل کا بحران

کراچی ، لاہور اور پشاور میں پٹرول اور ڈیزل کا بحران
June 7, 2020

کراچی ( 92 نیوز ) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نے شہریوں کو پریشانی سے دوچار کردیا، کراچی  ، لاہور، پشاور اور دیگر شہروں میں پٹرول اور ڈیزل کے بحران نے لوگوں کو پیدل کر دیا ۔  اوگرا کی ہدایات کے باوجود کمپنیاں اور پٹرول پمپ ٹس سے مس نہ ہوئے۔

لگتا ہے شہریوں کی قسمت میں ریلیف نام کی کوئی چیز نہیں، حکومت نے تیل کی قیمتیں کم تو کردیں مگر تیل کی دستیابی یقینی نہ بنائی جاسکی، منافع خور مافیا نے شہریوں کی جیب سے ریلیف کے چند روپے بھی نکال لئے۔

ملک کے مختلف شہروں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد بحران پیدا ہوگیا، پٹرول اور ڈیزل سستے ہوتے ہی نایاب ہوگئے، پٹرول پمپوں نے ذخیرہ ختم ہونے کا بہانہ بنایا اور شہریوں کو پیدل کردیا۔

کراچی میں شہری اپنی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں ایک پمپ سے دوسرے پمپ پر گھماتے رہے، تیل کمپنیاں پمپس کو سپلائی نہ کرسکیں جس پر کئی علاقوں میں  پٹرول پمپس بند اور کہیں لمبی لائنیں لگی رہیں۔

لاہور میں بیشتر پٹرول پمپوں پر پٹرول دستیاب نہیں اور جہاں مل رہا ہے وہاں موٹر سائیکل کیلئے 100 اور گاڑی کیلئے 500 سے زائد کا نہیں دیا جارہا، کئی پٹرول پمپ پٹرول کی جگہ ہائی اوکٹین فروخت کرکے لوٹ رہے ہیں۔

پشاور میں بھی پٹرول اور ڈیزل نایاب ہوگیا، بعض پٹرول پمپس تو بند ہیں جبکہ جو کھلے ہیں ان پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں، کوئٹہ اور ملک کے دیگر شہروں میں بھی پٹرول پمپوں پر یا تو پٹرول دستیاب نہیں یا پھر لائنیں لگی ہیں۔

وزیراطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے پٹرول کی شارٹیج کے حوالے سے چیف سیکرٹریز کو کارروائی کا کہہ دیا ہے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی بھی ہوگی اور جرمانے بھی ہوں گے۔

اوگرا کے نوٹس کے باوجود تیل کمپنیوں ٹس سے مس نہیں ہوئیں جبکہ پٹرول پمپ مالکان کا مسلسل یہی کہنا ہے کمپنیاں ضرورت کے مطابق سپلائی نہیں کررہیں جس سے پٹرول کی شارٹیج ہے۔