Monday, September 16, 2024

کراچی: قیوم آباد کے علاقے میں کنٹینر الٹنے سے تین افراد جاں بحق

کراچی: قیوم آباد کے علاقے میں کنٹینر الٹنے سے تین افراد جاں بحق
February 16, 2017

کراچی (92نیوز) کراچی میں ٹریفک حادثات معمول بن گئے۔ پہلے یونیورسٹی روڈ پر ہونے والے پے در پے دو حادثات میں 5 طلبا جان سے گئے۔ پھر نیشنل ہائی وے پر ہونے والے حادثے میں 6 افراد جان کی بازی ہارگئے۔ اب کراچی کے علاقے قیوم آباد میں کنٹینر الٹنے سے 3 افراد جان سے گئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورنگی انڈسٹریل ایریا سے قیوم آباد کی طرف آنے والا کنٹینر بے قابو ہوکر پہلے فٹ پاتھ پر چڑھا اور پھر الٹ گیا جس کی زد میں آکر موٹرسائیکل سوار اور پل کے نیچے موجود خاتون اور ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ جائے حادثہ پر موجود ڈی آئی جی ٹریفک آصف اعجاز شیخ کا کہنا تھا کہ کنٹینر کا ڈرائیور فرارہے جسے گرفتار کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کنٹینر 14 وہیلر نہیں تھا اس لئے اسے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہیں کہا جاسکتا ہے۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کردی گئی ہیں جبکہ جائے حادثہ سے کرین کی مدد سے کنٹینر کو ہٹانے کی کوشش جاری ہے۔