Thursday, April 25, 2024

کراچی : قیامت خیز گرمی سے 850 افراد جاں بحق !!! مردہ خانوں میں جگہ کم پڑ گئی

کراچی : قیامت خیز گرمی سے 850 افراد جاں بحق !!! مردہ خانوں میں جگہ کم پڑ گئی
June 24, 2015
کراچی (92نیوز) کراچی میں قیامت خیزگرمی سے 4روز میں جاں بحق افراد کی تعداد 850 ہو گئی۔ سیکڑوں مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔ تفصیلات کے مطابق قہرانگیز اور جان لیوا گرمی نے مزید کئی گھرانوں کی خوشیاں چھین لیں۔ لو اور جسم میں پانی کی کمی سے ہلاکتوں میں لمحہ بہ لمحہ اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ سرکاری ونجی اسپتالوں میں اب بھی سیکڑوں مریض زیرعلاج ہیں۔ ہلاکتوں میں اضافہ ہونے پر سردخانوں میں جگہ کم پڑگئی۔ اسپتالوں اور امدادی اداروں کے مردہ خانوں میں بھی لاشوں کے انبار لگے ہیں، غم سے نڈھال اہل خانہ پیاروں کی لاشیں لئے ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں، کوئی پرسان حال نہیں۔ طبی ماہرین نے اپیل کی ہے کہ گرم موسم میں بلاوجہ گھر سے نکلنے سے گریز اور سحر و افطار میں پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات والوں نے ایک بار پھر خوشخبری سنا دی۔ کراچی میں آج شام تک بادل برسنے کا امکان ہے۔ ڈی جی میٹ کہتے ہیں گرمی کی لہر آج دم توڑ جائےگی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 58 سے 60 فیصد رہےگاجبکہ دن بھر موسم ابرآلود اور مطلع صاف رہےگا۔