Tuesday, May 14, 2024

کراچی : قتل‘ بھتہ خوری میں ملوث 3دہشت گرد مارے گئے‘ 2ٹارگٹ کلرز سمیت 8 ملزم گرفتار

کراچی : قتل‘ بھتہ خوری میں ملوث 3دہشت گرد مارے گئے‘ 2ٹارگٹ کلرز سمیت 8 ملزم گرفتار
November 3, 2015
کراچی (92نیوز) صوبائی دارالحکومت میں امن دشمنوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور ایک تازہ کارروائی میں کورنگی میں تین دہشت گرد مارے گئے۔ ملزم قتل، بھتہ خوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں مطلو ب تھے۔ دوسری جانب مختلف کارروائیوں میں دو ٹارگٹ کلرز سمیت آٹھ ملزم بھی گرفتار کر لیے گئے جن سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس مقابلے میں تین دہشت گرد مارے گئے۔ پولیس نے سات افراد کو قتل کرنے والے دو ٹارگٹ کلرز سمیت 8 ملزم گرفتار کرلئے۔ کورنگی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ جوابی کارروائی میں تینوں مارے گئے۔ پولیس کے مطابق ملزم قتل، ڈکیتی، بھتہ خوری اور دیگر وارداتوں میں ملوث تھے۔ پاک کالونی میں پولیس نے ایک کارروائی کے کے دوران دو ٹارگٹ کلرگرفتارکرلئے۔ ملزم سات افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں۔ شارع فیصل پولیس نے چھاپہ مار کر نوجوان علی حسن کو قتل کرنے والے ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتارکرلیا۔ بریگیڈ کے علاقے میں پولیس نے مقابلے میں دو ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ گارڈن کے علاقے میں ایک کارروائی کے دوران تین افراد کو حراست میں لیا گیا۔ سپرہائی وے گڈاپ میں نامعلوم افراد کی کار پر فائرنگ سے خاتون زخمی ہوگئی۔