Friday, March 29, 2024

کراچی طیارہ حادثے کی تحقیقات ، فرانسیسی ماہرین کا آج پھر طیارہ حادثے کی جگہ کا دورہ

کراچی طیارہ حادثے کی تحقیقات ، فرانسیسی ماہرین کا آج پھر طیارہ حادثے کی جگہ کا دورہ
May 27, 2020
 کراچی (92 نیوز) کراچی طیارہ حادثے کی تحقیقات میں فرانسیسی ماہرین نے آج پھر طیارہ حادثے کی جگہ کا دورہ کیا۔ پاکستان ایئرفورس اور پی آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم بھی ہمراہ تھی۔ پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا۔ فرانس سے آئی ماہرین کی ٹیم نے اپنا قیام بڑھا دیا۔ جہاز کس سمت سے آیا، کتنی رفتار تھی، کس عمارت سے پہلے ٹکرایا؟ فرانسیسی ٹیم جدید آلات سے کھوج لگانے میں مصروف، زائچہ بھی بنا لیا۔ بلیک باکس اور وائس ریکارڈر کے ذریعے پائلٹ اور ٹاور کے درمیان ہونے والی بات چیت پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ ایئربس کمپنی کی ٹیم نے آج پھر جائے حادثہ اور رن وے کا معائنہ کیا اور جہاز کا انجن، لینڈنگ گیئرز اور ونگز کو چیک کیا۔ ٹیم کی اجازت سے جہاز کا ملبہ اٹھانے کا کام بھی جاری ہے۔ دوسری جانب حادثے کا شکار افراد کی شناخت کا عمل  جاری ہے۔اربن یونٹ پنجاب کے چیف ایگزیکٹو خالد شیر دل کی بھی شناخت ہو گئی۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ اب تک 41 لاشوں کی شناخت ہو چکی ہے۔ 45کے ڈی این اے سیمپل لے لیے ہیں۔ شناخت میں چند روز لگیں گے۔ رپورٹ آنے کے بعد ہی لاشیں حوالے کی جائیں گی۔