Monday, September 16, 2024

کراچی : ضمنی انتخابات کیلئے ووٹنگ کل ہوگی ،رینجرزکو مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض

کراچی : ضمنی انتخابات کیلئے ووٹنگ کل ہوگی ،رینجرزکو مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض
April 6, 2016
کراچی(92نیوز)کراچی  میں ضمنی الیکشن  کیلئے  ووٹنگ کل ہوگی سیاسی درجہ حرارت مزید  بڑھ گیا پُر امن پولنگ کا انعقاد یقینی بنانے کیلئے رینجرز کو مجسٹریٹ کے اختیارات دے دیئے گئے قومی اسمبلی کے تینتیس اور صوبائی اسمبلی کے اسی پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین قرار دے دیا گیاہے۔ تفصیلات کےمطابق کراچی میں ضمنی الیکشن کے لیے تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں سات اپریل کو پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات رینجرز کو مجسٹریٹی اختیارات حاصل ہوں گے  رینجرزموقع پر ہی پولنگ میں رکاوٹ ڈالنے والوں اور شرپسند عناصر کو سزا دے سکے گی ۔ ڈیوٹی پر موجود 300 سے زائد پریزائڈنگ افسران کو بھی مجسٹریٹ کے اختیارات حاصل ہوں گے پولیس ایکشن پلان کے مطابق قومی اسمبلی میں 4 ہزار اور صوبائی اسمبلی میں ڈھائی ہزار اہلکار فرائض انجام دیں گے  قومی اسمبلی کے حلقہ 245 میں شارع نور جہاں اور کٹی پہاڑی کے اطراف قائم تمام پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس جبکہ عبداللہ شپ اونر گورنمنٹ کالج اور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ میں قائم پولنگ اسٹیشنز کو بھی حساس قرار دے دیا گیا۔ ادھر صوبائی اسمبلی کے حلقے پی ایس ایک سو پندرہ میں بریگیڈ تھانے کے تمام پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس جبکہ فیروز آباد میں قائم 26 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا  ۔ صوبائی الیکشن کمیشن نے ضمنی الیکشن کے دوران شکایتی سیل بھی قائم کردیا ہے شکایتی سیل میں قومی اسمبلی کے لیے وسیم اختر اور مظہر حسین جبکہ صوبائی اسمبلی کے شکایتی سیل کے انچارج عبدالحمید مغل ہوں گے۔