Thursday, April 25, 2024

کراچی : ضمنی انتخابات میں ایم کیو ایم نے میدان مارلیا

کراچی : ضمنی انتخابات میں ایم کیو ایم نے میدان مارلیا
June 2, 2016
کراچی(92نیوز)کراچی میں ہونے والے ضمنی اںتخاب میں ایم کیوایم نے حلقہ ایک سو سترہ اور حلقہ ایک سو چھ میں  میدان مارلیا۔ انتخابی عمل میں ووٹنگ کا عمل مایوس کن رہا۔ ٹرن  آوٹ محض چھ سے آٹھ فیصد رہا ۔ تفصیلات کےمطابق سندھ اسمبلی کے حلقہ ایک سو سترہ  میں ایم کیوایم کے میجر ریٹائرڈ قمر عباس رضوی سب پر بازی لے گئے ۔ نائنٹی ٹو نیوز نے ضمنی الیکشن میں بھی سب سے پہلے رزلٹ بریک کرنے کا اعزاز برقرار رکھا اور پی ایس ایک سو سترہ کا مکمل غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ نشر کیا  ۔ ایم کیوایم کے قمر عباس رضوی کو گیارہ ہزار تین سو پچھتر ووٹ ملے پیپلز پارٹی کے جاوید مقبول بٹ ایک ہزار تین سو چودہ اور پاکستان تحریک انصاف کے رفاقت عمر سات سو پندرہ ووٹ ہی حاصل کرسکے  ایم کیوایم کے امیدوار کے مقابلے میں حلقے کے سارے امیدواروں کی ضمانت ضبط کرلی گئی  تاہم ووٹنگ کی شرح مایوس کن حد تک کم رہی اور ایک لاکھ چونسٹھ ہزار سے زائد ووٹرز پر مشتمل حلقے میں چھ اعشاریہ نو فیصد ووٹ کاسٹ ہوئے ۔ 2013 کے عام انتخابات میں اسی حلقے سے ڈاکٹر صغیر احمد نے  انچاس ہزار924 ووٹ لیے تھے  جبکہ ٹرن آؤٹ 49.25 فیصد تھا ۔ دوسری جانب حلقہ ایک سو چھ میں ایم کیوایم کے امیدوار محفوظ یار خان کا پلڑا مخالفین پر بھاری رہا  ۔ بارہ مرتبہ الیکشن لڑنے والے اور نو مرتبہ ضمانت ضبط کروانے والے محفوظ یار خان اس بار سب سے آگے ہیں ۔ ان کی قریب ترین حریف پی ٹی آئی کی نصرت انوار صرف سات سو اٹھہتر ووٹ لے سکیں  ۔