Friday, May 17, 2024

کراچی کے شاہ لطیف ٹاؤن میں گارڈ اور ڈاکوؤں میں فائرنگ، تین سال کی بچی جاں بحق

کراچی کے شاہ لطیف ٹاؤن میں گارڈ اور ڈاکوؤں میں فائرنگ، تین سال کی بچی جاں بحق
December 23, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) کراچی شاہ لطیف ٹاؤن میں گارڈ اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ تین سال کی بچی فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہو گئی۔

لٹیروں نے ایک اور گھر کا چراغ بجھا دیا۔ نیلی آنکھوں والی تین سالہ حرمین بیچ سڑک پر گولیوں کا نشانہ بن گئی۔ شاہ لطیف ٹاون منزل پمپ کے قریب مسلح ملزمان نے مارٹ میں لوٹ مار کی۔ ملزمان موٹرسائیکل پر بیٹھ کر فرار ہونے لگے تو مارٹ کے سکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کر دی۔

فرار ہوتے ملزمان نے بھی گولیاں چلائیں۔ ایک گولی حرمین کو بھی جا لگی اور وہ شدید زخمی ہو گئی۔ اسپتال لیکر گئے جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئی۔ ہنستی مسکراتی حرمین پورے گھر کی رونق تھی۔

بچی کے بھائی نے بتایا کہ جب اس کی بہن کو گولی لگی تو وہ مدد کے لئے پکارتا رہا لیکن کوئی مدد کو نہیں آیا۔

جناح اسپتال میں لیڈی میڈیکولیگل آفیسرز کی روایتی بے حسی دیکھنے میں آئی۔ لیڈی ایم ایل او ڈیوٹی پر نہ ہونے کی وجہ سے بچی کی لاش 12 گھنٹوں تک مردہ خانے رکھی رہی۔ لیڈی ایم ایل او کی رپورٹ کے بغیر کیس مکمل نہیں کیا جا سکتا۔

سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ایک ملزم پیار علی زخمی ہوا۔ پولیس نے زخمی ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ اور پچاس ہزار روپے نقد برآمد کر لئے۔ ملزمان نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ ان کا چھ رکنی گینگ ہے اور وارداتیں کرتا ہے۔ فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کی جارہی ہے۔