Friday, May 17, 2024

شادی ہالز مالکان نے ہالز بند کرنے کا فیصلہ موخر کر دیا

شادی ہالز مالکان نے ہالز بند کرنے کا فیصلہ موخر کر دیا
January 26, 2019
کراچی (92 نیوز)  کراچی میں شادی ہالز مالکان نے  اتوار کے روز سے ہالز بند کرنے کا فیصلہ موخر کر دیا ۔ جس کے بعد سہرے سجانے والوں کی فکر ختم ہو گئی ۔ وفد نے وزیر بلدیات سندھ سعید غنی سے ملاقات کی  ۔ ملاقات میں سعید غنی نے یقین دہانی کرائی کہ  پیر سے  شادی ہالز کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہو گی ۔ وزیر بلدیات سندھ کی یقین دہانی کے بعد ایسوسی ایشن نے کل سے شادی ہال بند کرنے کا فیصلہ مؤخر کر دیا، اس سے پہلے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر کے باہر احتجاج بھی کیا۔ اس سے قبل  شادی ہالز مالکان نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی  آفس کے سامنے  دھرنا بھی دیا تھا  ۔ مذاکرات کا دور بھی ہوا تھا جو کہ ناکام ہو گیا تھا جس پر  اتوار کے روز شادی ہالز بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ دوسری جانب  سپریم کورٹ کے حکم کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے پھرتیاں  دکھاتے ہوئے  ڈسٹر کٹ ایسٹ اور سینٹرل میں 50 فیصد پلاٹس کو کمرشل سرگرمیاں ختم کرنے کا نوٹس جاری کردیا  جبکہ 28 جنوری سے آپریشن شروع کرنے کی تیاریاں بھی کرلی ہیں  ۔ صدر کی زیر صدارت گورنر ہاؤس میں اجلاس میں بھی شادی ہالز کے معاملے پر غور کیا گیا ۔  دوسری جانب بلڈرز ایسوسی ایشن نے بھی عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا۔