Friday, April 26, 2024

کراچی: 3 غیرملکیوں سمیت 9ملزم گرفتار، اسلحہ برآمد

کراچی: 3 غیرملکیوں سمیت 9ملزم گرفتار، اسلحہ برآمد
March 7, 2017

کراچی (92نیوز) سکیورٹی فورسز کی امن دشمنوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ کراچی کے علاقے شارع فیصل اور اورنگی ٹاؤن پیرآباد میں پولیس کریک ڈاؤن میں نو ملزم گرفتار کر لیے گئے جن کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا۔ پکڑے جانے والوں میں چار ڈاکو، تین غیرملکی باشندے بھی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون میں پیرآباد پولیس نے کارروائی کر کے 8 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں تین ڈاکو بھی شامل ہیں جن کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔ گرفتار ملزموں میں تین غیرملکی باشندے بھی شامل ہیں۔

پکڑے گئے افراد میں دو عارضی رہائشی بھی ہیں جن کے پاس کوئی شناختی دستاویز موجود نہیں تھی۔ پولیس کے مطابق ملزموں کے خلاف مختلف دفعات کےتحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ دوسری جانب شاہراہ فیصل پولیس نے کارروائی کرکے ایک ڈاکو گرفتار کرلیا۔ ملزم سے ٹی ٹی پستول برآمد ہوا ہے۔