Thursday, March 28, 2024

کراچی : سیاسی جماعت کا گٹر میں دفنایا گیا اسلحہ برآمد‘ 4ملزم گرفتار

کراچی : سیاسی جماعت کا گٹر میں دفنایا گیا اسلحہ برآمد‘ 4ملزم گرفتار
September 20, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی میں رات بھر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردوں اور اسٹریٹ کریمنلزکےخلاف کارروائیاں جاری رہیں۔ قصبہ کالونی میں رینجرز نے زیرحراست ملزم کی نشاندہی پر بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا۔ پولیس نے ساحل سمندر پر لوگوں سے لوٹ مار کرنے والے چار اسٹریٹ کریمنلز بھی گرفتار کر لئے۔ کراچی میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت رات گئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کارروائیاں جاری رہیں۔ رینجرز نے قصبہ کالونی میں سرچ آپریشن کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا۔ سرچ آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی و خارجی راستوں کو بند کر کے تلاشی لی اور بھاری تعداد میں سیاسی جماعت کا زیرزمین دفن اسلحہ برآمد کر لیا۔ جن میں کلاشنکوف، آٹھ ایم ایم سیون رائفلوں سمیت 30 بور اور نائن ایم ایم کے پستول اور مختلف بور کی گولیاں شامل ہیں۔ رینجرز ذرائع کے مطابق زیرزمین دفن اسلحہ شہر میں تخریب کاری کی بڑی کارروائی کےلئے ڈمپ کیا گیا تھا۔ ادھر بوٹ بیسن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ساحل سمندر پر لوگوں سے لوٹ مار کرنے والے چار اسٹریٹ کریمنلز صاحب خان، زابط خان اور سلیم وغیرہ کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے تین ٹی ٹی پستول، چھینے گئے موبائل فون اور ایک موٹرسائیکل برآمد ہوئے۔