Friday, April 26, 2024

کراچی: جھڑپ میں خطرناک دہشت گرد ہلاک، چار گرفتار

کراچی: جھڑپ میں خطرناک دہشت گرد ہلاک، چار گرفتار
March 6, 2017

کراچی (92نیوز) کراچی کے علاقے کورنگی صنعتی ایریا میں سی ٹی ڈی سے مقابلے کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ چار کو گرفتار کر لیا گیا، دہشت گردوں کے قبضے سے بم اور بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کرلیا گیا ہے۔

کاونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے خفیہ اطلاع پر کورنگی صنعتی ایریا مہران ٹاؤن میں مکان پر چھاپہ مارا تو دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ اور دستی بموں سے حملہ کیا۔ جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد مارا گیا اور چار قانون کی گرفت میں آئے۔

ایس ایس پی سی ٹی ڈی عمر شاہد کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم لشکرجھنگوی سے ہے جو دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ہلاک دہشت گرد کی شناخت دلدار عرف چاچا کے نام سے ہوئی ہے۔ ہلاک دہشت گرد بم بنانے کا ماہر تھا۔

دہشت گردوں کے قبضے سے راکٹ لانچر، دستی بم، بارودی مواد اور بم بنانے کا سامان برآمد ہوا۔ ذرائع کے مطابق دلدار عرف چاچا نے شہید ایس ایس پی چوہدری اسلم کے گھر پر حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی تیار کی تھی۔ نیول بسوں پر حملوں سمیت دیگر دہشت گردی کی کارروائی میں بھی ملوث تھا۔