Friday, May 17, 2024

کراچی، سکیورٹی گارڈ اور ڈاکوؤں میں مقابلہ ننھی بچی حرمین کی جان لے گیا

کراچی، سکیورٹی گارڈ اور ڈاکوؤں میں مقابلہ ننھی بچی حرمین کی جان لے گیا
December 23, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) کراچی میں سکیورٹی گارڈ اور ڈاکوؤں میں مقابلہ ننھی بچی کی جان لے گیا۔

کراچی میں ایک اور ننھی پری کراس فائرنگ کا نشانہ بن گئی، نیلی آنکھوں میں جھلکتی معصومیت، ننھی ننھی خواہشیں اور ننھے ننھےخواب سب منوں مٹی تلے جاسوئے۔

4 سالہ حرمین کا قصور صرف یہ تھا کہ وہ اپنے بھائی کے ساتھ اسپتال میں داخل ماں کےعلاج کے لئے پیسے لینے اپنے گھر آرہی تھی لیکن راہ چلتی گولیوں نے اس کو ہمیشہ کیلئے خاموش کردیا۔

کراچی کے شاہ لطیف ٹاون منزل پمپ کے قریب مسلح ملزمان نے مارٹ میں لوٹ مار کی جس کے بعد سکیورٹی گارڈ اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، ایک گولی بچی کو بھی جالگی۔ بھائی زخمی بہن کو ہاتھوں میں اٹھائے لوگوں کو پکارتا رہا لیکن کوئی مدد کو نہ آیا۔

چارسالہ بہن کی ٹوٹتی سانسیں دیکھ کر بھائی کا بھروسہ بھی ٹوٹ گیا۔ بات یہیں ختم نہیں ہوئی، زخمی حرمین کو جب اسپتال لایا گیا تو یہاں ایم ایل او نہ ہونے پر لاش بارہ گھنٹے مردہ خانے میں پڑی رہی۔

رپورٹ کے مطابق بچی کو سر پر ایک ہی گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ بچی نے سکیورٹی گارڈ کی گولی سے دم توڑا یا ڈاکوؤں کی فائرنگ موت کی وجہ بنی۔ اس کا فیصلہ ہونا تو باقی ہے لیکن اس سانحے نے اہلخانہ کو ہمیشہ کیلئے اداس کردیا ہے۔

کراچی کے علاقے شاہ لطیف میں فائرنگ کے بعد کی سی سی ٹی وی فوٹیج 92  نیوز نے حاصل کرلی۔ مقابلے کے بعد حرمین کو زخمی حالت میں دیکھا جا سکتا ہے۔