Friday, April 19, 2024

کراچی : سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک‘ 14ملزم گرفتار

کراچی : سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک‘ 14ملزم گرفتار
September 29, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی میں قیام امن کےلئے رینجرز اور پولیس کی کارروائیاں جاری ہے۔ تازہ کارروائی میں دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ چودہ ملزم بھی گرفتار ہوئے جن سے اسلحہ اور منشیات برآمد ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری چاکیواڑہ میں رینجرز سے مقابلے کے دوران گینگ وار کے دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں سے پولیس نے اسٹریٹ کرائم اور منشیات فروشی میں ملوث چودہ ملزموں کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔ ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ گینگ وار کے دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔ رینجرز کے جوانوں نے تعاقب کیا اور علاقے کا گھیراو کر لیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو مارے گئے جبکہ دو فرار ہو گئے۔ ہلاک ملزموں کا تعلق گینگ وار کے سرغنہ استاد تاجود کے یوسف پٹھان گروپ سے تھا۔ مارے گئے ملزموں سے بھاری اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئیں۔ ذرائع کے مطابق ہلاک ملزم نعیم لاہوتی اور ذیشان قتل‘ اغوا برائے تاوان‘ بھتہ خوری سمیت سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ ملزم نعیم لاہوتی کے سر پر 5 لاکھ روپے انعام مقرر تھا۔ دوسری جانب پاک کالونی میں پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاون کیا اور اس دوران دو منشیات فروش گرفتار کر لیے جبکہ 50 منشیات کے عادی افراد کو حراست میں لیا اور ایدھی ہوم منتقل کر دیا۔ لیاقت آباد اور پاپوش نگر میں مبینہ پولیس مقابلوں کے بعد 4 ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزموں سے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد ہوا۔ سائٹ ایریا اور بلدیہ ٹاون میں چھاپوں کے دوران لوٹ مار اور منشیات فروشی میں ملوث 8 ملزموں کو دھرلیا گیا۔