Monday, September 16, 2024

کراچی : سپریم کورٹ نے نجی عمارتوں پر بھی بل بورڈز لگانے پر پابندی عائد کر دی

کراچی : سپریم کورٹ نے نجی عمارتوں پر بھی بل بورڈز لگانے پر پابندی عائد کر دی
August 2, 2016
کراچی (92نیوز) سپریم کورٹ نے غیرقانونی بل بورڈز اور سائن بورڈز ہٹانے سے متعلق حکومتی رپورٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سیشن جج کو انکوائری کرکے ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے رہائشی عمارتوں پر نصب بل بورڈز پر پابندی عائد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق غیرقانونی بل بورڈز اور سائن بورڈز ہٹانے سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ رجسٹری کراچی میں ہوئی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور کنٹونمنٹ بورڈ کی عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق عوامی مقامات سے بل بورڈ اور سائن بورڈ زہٹا دیے گئے ہیں۔ کنٹونمنٹ بورڈ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سرکاری مقامات سے بورڈ ز ہٹا دیے گئے تاہم نجی املاک پر اب بھی سائن بورڈز موجود ہیں۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ حکومت نے اشتہارات کے لیے نجی ٹی وی سے معاہدہ کر لیا ہے۔ عدالت نے غیرقانونی بل بورڈز اور سائن بورڈز ہٹانے کے معاملے پر سخت سرزنش کرتے ہوئے نجی عمارتوں پربھی بورڈز لگانے پر پابندی عائد کر دی۔ نجی عمارتوں کی چھتوں اور اونچی عمارتوں پر لٹکے ہوئے بورڈز فوری ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے عدالت کا کہنا تھا نجی املاک اور چھتوں پر لگے بورڈز گرجائیں تو زیادہ خطرناک ہوں گے۔ اللہ نہ کرے زلزلہ آ جائے تو اس شہر کا کیا ہو گا۔ جسٹس امیرہانی مسلم نے پلوں پر لگی سرچ لائیٹس کے حوالے سے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ڈرائیونگ کے دوران سرچ لائٹسں خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں۔ عدالت کا کہنا تھا کہ قومی پرچم لگائیں مگر پلوں پر بورڈز یا اشتہار لگانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ عدالت نے سیشن جج کو انکوائری کرکے رپورٹ ایک ماہ میں عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا حکومتی رپورٹ غلط ہوئی تو ذمہ داروں کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائیگی۔