Saturday, May 18, 2024

کراچی سٹی کونسل میں جھگڑے کا معاملہ ، کے ایم سی انتظامیہ نے پولیس کو شکایت کر دی

کراچی سٹی کونسل میں جھگڑے کا معاملہ ، کے ایم سی انتظامیہ نے پولیس کو شکایت کر دی
January 25, 2019
 کراچی (92 نیوز) کراچی کے سٹی کونسل میں بلدیاتی نمائندگان کے جھگڑے کے معاملے پر کے ایم سی انتظامیہ نے پولیس کو شکایات کر دی۔ کے ایم سی انتظامیہ کی جانب سے شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نامعلوم افراد سٹی کونسل ہال میں داخل ہوئے جو میئر کراچی پر حملہ کرنا چاہتے تھے۔ سٹی کونسل میں ہلڑ بازی کے دوران نامعلوم افراد داخل ہوئے۔ سکیورٹی اسٹاف کی کوشش کے سبب میئر پر حملہ ناکام ہوا۔ شور شرابے اور ہلڑ بازی کا فائدہ اٹھا کر نامعلوم افراد فرار ہو گئے۔ کے ایم سی انتظامیہ کی جانب سے واقعہ کی تحریری شکایات ڈی ایس پی رسالہ پولیس کو کردی گئی ہے۔ سکیورٹی حکام نے سٹی کونسل ہال کی فوٹیج حاصل کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ کراچی میں سٹی کونسل کا اجلاس اکھاڑا بن گیا تھا ۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران مسجد شہید کیے جانے پر جماعت اسلامی کے ارکان آپے سے باہر ہو گئے تھے۔ ہل پارک میں مسجد شہید کیے جانے پر جماعت اسلامی کے جنید مکاتی نے قرارداد پیش کی جس پر شہری حکومت اور اپوزیشن ارکان آمنے سامنے آگئے تھے ۔ اپوزیشن ارکان نے مئیر کراچی وسیم اختر کا گھیرائو کر لیا۔ لفظی جنگ کے بعد بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے اسلم آفریدی   نے بولنا شروع کیا  تو ایوان میں لاتیں اور گھونسے چل گئے تھے ۔