Tuesday, May 14, 2024

کراچی سنگین مسائل سے دوچار، حکمران جماعتیں لفظی گولہ باری میں مصروف

کراچی سنگین مسائل سے دوچار، حکمران جماعتیں لفظی گولہ باری میں مصروف
December 10, 2019
کراچی ( 92 نیوز ) ملک کا معاشی حب کراچی سنگین مسائل سے دوچار  ہے جب کہ وفاق وصوبے میں حکمران جماعتیں سیاسی جنگ میں مصروف ہیں ، ترقیاتی منصوبے التوا کا شکار اور شہری حکمرانوں کی لفظی جنگ میں نشانہ بن رہے ہیں۔ اورنگی سےکیماڑی اور ملیر سےایم اے جناح روڈ تک کراچی  میں مسائل ہی مسائل ہیں ، کہیں سیوریج کا عذاب تو کہیں کچرے کے انبار منہ چڑ ارہے ہیں ۔ قومی معیشت کو نصف سے زیادہ دینے والا کراچی حکمرانوں کی لفظی جنگ میں سب سے زیادہ متاثرہے ، کبھی کراچی میں آرٹیکل 149کے اطلاق کا اعلان ہوتاہے تو کبھی گورنر راج کی باتیں سننے کو ملتی ہیں ۔ وفاقی حکومت نے کراچی کے لیے 162 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیامگر ایک بھی اسکیم کاغذ پر بھی نہیں بن سکی ، ٹوٹی پھوٹی سڑکوں،ٹرانسپورٹ نظام سے محروم،پانی کو ترسے اور ابلتے گٹڑوں سے پریشان کراچی کے زخموں پر مرہم کے بجائے وفاق وصوبے میں حکمران لفظی وار میں بھی محتاط نہیں ۔ فردوس شمیم نقوی چپو جیسے القاب استعمال کرتے ہیں تو سعید غنی چمار کہہ کر پکارتے ہیں  ،  معاشی شہ رگ کراچی کو مسائل کے دلدل میں جانے سے بچانے کے لیے فوری طورپر پانچ سو ارب روپے کے میگا منصوبوں کی ضرورت ہے وفاقی وصوبائی حکومتوں میں سیاسی ولفظی جنگ نہ رکی تو مسائل کم ہونے کی بجائے بڑھتے ہی رہیں گے۔