Sunday, September 8, 2024

کراچی: سندھی مسلم سوسائٹی میں پولیس کی کار پر فائرنگ‘ طالب علم جاں بحق

کراچی: سندھی مسلم سوسائٹی میں پولیس کی کار پر فائرنگ‘ طالب علم جاں بحق
July 11, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی کی سندھی مسلم سوسائٹی میں مبینہ طور پر پولیس کی کار پر فائرنگ میںفرسٹ ائیر کا طالب علم جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک شخص زخمی ہوا ہے۔ عینی شاہد کا کہنا ہے کہ ابرار اور زخمی دل نواز موبائل فون کا لین دین کر رہے تھے کہ پولیس نے فائرنگ کر دی۔ پولیس کے مطابق زخمی شخص کی کار پر لگی نمبر پلیٹ جعلی ہے جبکہ مقتول نوجوان کے اہل خانہ نے اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کی ہے۔ دوسری جانب سندھی مسلم سوسائٹی میں گزشتہ رات سی ٹی ڈی اہلکاروں کی مبینہ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان ابرار کے قتل کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا جا سکا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے والدین کے رابطہ کرنے کے بعد ہی مقدمہ درج کیا جائے گا جبکہ مبینہ سی ٹی ڈی اہلکاروں کی تلاش کے علاوہ جائے واردات سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش بھی جا رہی ہے۔ مقتول کے دوست نقاش کے مطابق ابرار کیماڑی کا رہائشی تھا اور اس نے اپنے موبائل فون کی فروخت کیلئے ویب سائٹ پر اشتہار دیا تھا جس کے بعد دلنواز نامی شخص نے ابرار کو موبائل فون خریدنے کیلئے بلایا تھا تاہم دلنواز نے موبائل لیکر رقم دیے بغیر گاڑی میں فرار ہونے کی کوشش کی جس پر ابرار نے گاڑی میں چھلانگ لگا دی۔ پیچھے سے آتی سی ٹی ڈی کی موبائل میں سوار اہلکاروں نے کار پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ابرار جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کیماڑی میں جم چلاتا تھا جبکہ اسکا ڈیڑھ سالہ بیٹا بھی ہے۔