Sunday, May 19, 2024

کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں ہلکی بارش سے موسم مزید سرد

کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں ہلکی بارش سے موسم مزید سرد
January 27, 2019
 کراچی (92 نیوز) کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں ہلکی بارش ہوئی جس سے موسم مزید سرد ہو گیا۔ ملک بھر میں موسم سرما جوبن پر ہے۔ کراچی میں رم جھم کا ایک اور دور چل گیا ۔  کیماڑی ،آئی آئی چندریگر روڈ اور اطراف میں بارش سے  سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ نیو کراچی ، نارتھ کراچی اور ناظم آباد میں بھی ہلکی بارش ہوئی۔ ادھر سندھ کے دیگرشہروں سکھر ،قمبر، لاڑکانہ، دادو اور گھوٹکی میں بھی بارش ہوئی جس سے اندرون سندھ میں بھی سردی بڑھ گئی۔ بارش کےبعد کئی علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی جبکہ ترجمان کے الیکٹرک نے بارش کے بعد شہریوں کے لئے ہدایات جاری کی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہری ٹوٹے ہوئے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں۔ کسی بھی شکایت کی صورت میں 118 پر فوری رابطہ کریں۔ گزشتہ رات بھی مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی۔ برسات ہوتے ہی سردی میں بھی اضافہ ہو گیا۔ شہر قائد میں کلفٹن، ڈیفنس، قیوم آباد، آئی آئی چندریگر روڈ سمیت دیگر علاقوں میں رم جھم کے بعد صبح ہوتے ہی موسم بھی انتہائی حسین ہو گیا اور سورج نے منہ دکھایا تو ہر منظر سہانا لگنے لگا ۔ موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں کراچی میں آئندہ روز ہلکی بارش کا امکان ہے جس کے ساتھ ہی سرد ہواؤں کا راج ہو گا ۔