Saturday, May 11, 2024

کراچی سمیت سندھ کے سی این جی اسٹیشنز آج تیسرے دن بھی بند

کراچی سمیت سندھ کے سی این جی اسٹیشنز آج تیسرے دن بھی بند
January 1, 2020
کراچی (92 نیوز) سندھ میں گیس بحران تھمنے کا کوئی امکان نظر نہیں آرہا۔ کراچی سمیت صوبے کے سی این جی اسٹیشنز کو آج تیسرے دن بھی گیس کی فراہمی نہیں ہوسکی، اور جمعرات کی صبح 8 بجے تک فلنگ اسٹیشنز بند رہیں گے جبکہ صنعتی شعبہ بھی گیس بحران کا شکار ہے۔ سندھ میں سردی کا زور شدت پکڑگیا۔ سوئی سدرن کا سسٹم بھی ٹھنڈ میں جیسے سکڑ گیا اور مختلف فیلڈز سے گیس کی مقدار میں کمی کا سامنا ہے ۔۔ جس کے باعث سی این جی سیکٹر بُری طرح متاثر ہوگیا۔ سندھ میں پیر کی صبح بند کیے گئے سی این جی فلنگ اسٹیشنز آج بھی بند ہیں، اور مزید 24 گھنٹے تالے لگے رہیں گے، جس کی وجہ سے مزدوروں کو بھی روزگار کی فکر ستانے لگی۔ کراچی کی سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ بھی معمول سے انتہائی کم ہے ۔۔ اور شہری اپنی منزل کی جانب جانے کیلئے رُل گئے جبکہ اپنی جان پر کھیل کر سفر کرنا پڑا۔ رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیوروں کیلئے گھر کے چولہنے جلانا مشکل ہوگیا اور سی این جی کا حصول ایک خواب ہی بن گیا ہے۔ سی این جی کے ساتھ ہی صنعتی شعبہ بھی گیس بحران کا شکار ہوگیا۔ کراچی کی 80 فیصد سے زائد صنعتوں میں گیس بحران کے باعث صنعتی سرگرمیاں شدید متاثر ہیں۔ سوئی سدرن حکام کا کہنا ہے گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔