Wednesday, May 8, 2024

کراچی سمیت سندھ میں کورونا وائرس کا ڈیلٹا ویرینٹ خطرناک صورتحال اختیار کرنے لگا

کراچی سمیت سندھ میں کورونا وائرس کا ڈیلٹا ویرینٹ خطرناک صورتحال اختیار کرنے لگا
July 30, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) کراچی سمیت سندھ میں کورونا وائرس کا ڈیلٹا ویرینٹ خطرناک صورتحال اختیار کرتا جارہا ہے، مثبت کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ کراچی کے اسپتالوں میں مریضوں کا دباؤبڑھتا ہی جا رہا ہے، سرکاری و نجی اسپتالوں میں مزید مریضوں کی گنجائش ختم ہوتی جا رہی ہے۔

سندھ میں کورونا وائرس کے وار جاری ہیں۔ رواں ماہ اب تک انتالیس ہزارپانچ سو سے زائد شہری کورونا میں مبتلا ہوئے۔ چار سو تیراسی مریضوں کا انتقال ہوا، اٹھارہ ہزار پانچ سو سے زائد صحتیاب ہوئے۔ سب سے زیادہ کیسز کراچی میں سامنے آرہے ہیں۔

شہرِقائد میں مثبت کیسز کی شرح تیس فیصد سے بھی تجاوز کرگئی، زیادہ ترمریض کورونا کے انتہائی خطرناک ڈیلٹا ویرینٹ کا شکار ہورہے ہیں۔ گذشتہ دس دنوں میں مثبت کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا، سندھ میں اس وقت بھی انتالیس ہزار نو سو سے زائد ایکٹوکیسزموجود ہیں۔

مریضوں کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ کی وجہ سے نجی وسرکاری اسپتال بھر گئے ہیں۔ مزید مریضوں کو داخل کرنے کی گنجائش ختم ہوتی جارہی ہے۔

سندھ حکومت نئے کورونا وارڈز بھی بنارہی ہے، طبی ماہرین کہتے ہیں مریضوں کی تعداد میں اسی طرح اضافہ ہوتا رہا تو محکمہ صحت کے سسٹم کو سنبھالنا مشکل ہوجائے گا۔