Friday, April 26, 2024

کراچی سمیت سندھ میں پانی کے مسائل پر وفاقی اور سندھ حکومت کی ایک اور میٹنگ

کراچی سمیت سندھ میں پانی کے مسائل پر وفاقی اور سندھ حکومت کی ایک اور میٹنگ
August 23, 2019
 کراچی (92 نیوز) کراچی سمیت سندھ میں پانی کےمسائل پر وفاقی اور سندھ حکومت ایک پیج پرآگئی۔ آبی وسائل کے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی سربراہی میں وفد نے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ سےملاقات کی۔ وفاقی وزیر آبی وسائل وفاقی وفد کےساتھ  وزیراعلی ہاوس پہنچے۔ وزیر اعلی سندھ اوران کی ٹیم کے ساتھ سرجوڑ کر بیٹھے۔ کچھ اپنی کہی اور کچھ ان کی سنی۔ دونوں نے آبی مسائل کے حل کے لئے ملکر کام کرنے کا عزم کیا۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ سیاسی نظریات الگ ہو سکتے ہیں لیکن ملکی مفاد میں ہم سب ایک ہیں۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ صوبے میں پانی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے سندھ بیراج بنانےجا رہے ہیں۔ منصوبہ چار برس میں مکمل ہو گا۔ سوا سو ارب روپے لاگت آئے گی۔ سندھ حکومت نے وفاقی منصوبے کا خیرمقدم کیا اور ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔ سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب کہتے ہیں وفاق کے دیگر ادارے میں اس طرح ملکر کام کریں تو مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ چیئرمین واپڈا نے سندھ بیراج  کے بارے میں بتایا کہ یہ تاریخی منصوبہ ہو گا۔ اس تکمیل سے کراچی سمیت سندھ بھر میں پانی کی قلت ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ فيصل واوڈا نے کہا کہ سندھ حکومت کے مينڈيٹ کا احترام کرتے ہيں۔ وزيراعظم اور وزيراعلی سندھ کی ملاقات بھی جلد ہو گی۔