Friday, May 3, 2024

کراچی سمیت سندھ بھر کے انٹر امتحانات میں نقل عروج پر ‏

کراچی سمیت سندھ بھر کے انٹر امتحانات میں نقل عروج پر ‏
April 22, 2019

کراچی ( 92 نیوز) میٹرک کے بعد انٹر کے امتحانات بھی سندھ حکومت کے لئے درد سر بن گئے ،محکمہ تعلیم  سندھ کے  دعوے ہوا ہو گئے، صوبے بھر  میں بوٹی مافیا بے قابو ہوگیا ،کراچی  سمیت سندھ بھر میں امتحانی مراکز میں نقل  عروج پر  ہے جب کہ پیپر آؤٹ ہونے کے سلسلے کو بھی بریک نہ لگ سکی۔

کراچی میں ہونے والا ریاضی کا پرچہ  امتحانی مراکز میں پہنچنے سے ایک گھنٹہ پہلے  ہی آؤٹ ہوکر  سوشل میڈیا  کی زینت بن گیا، کراچی  میں اس سے پہلے بھی انٹرامتحانات کے تمام پرچہ آؤٹ ہوچکے ہیں۔

شکارپور میں بھی  حسب معمول بارہویں جماعت کا کیمسٹری کا پرچہ وقت سے پہلے ہی آؤٹ  ہوگیا جبکہ  امتحانی مراکز میں  طلبہ کھلے عام  موبائل کے ذریعے نقل کرکے انتظامیہ کو منہ چڑاتے رہے۔

سکھر میں  انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں انتظامیہ کے نقل روکنے کے دعوے دھرے رہ گئے، امیدوار  امتحانی سنٹرز میں  واٹس ایپ کے ذریعے  پرچے حل کرتے رہے، جبکہ  انتظامیہ بے بسی کی تصویر بنی رہی۔

نوشہروفیروز میں  بھی بارہویں جماعت کا کیمسٹری کا پرچہ وقت سے پہلے ہی آؤٹ ہوکر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں بھی صورتحال  سندھ سے مختلف  نہ رہی، بنوں میں انٹر کے امتحانات میں ہونے والا  ایم سی کیوز کاپرچہ  وقت سے پہلے ہی آؤٹ ہوکر واٹس ایپ گروپوں میں پہنچ گیا۔