Friday, April 19, 2024

کراچی : سرکاری اسپتالوں میں کانگو وائرس کے علاج کیلئے بنے آئسولیشن وارڈ غیرفعال

کراچی : سرکاری اسپتالوں میں کانگو وائرس کے علاج کیلئے بنے آئسولیشن وارڈ غیرفعال
August 24, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی میں کانگو وائرس سے بچاوکے لیے سرکاری اسپتالوں میں آئسولیشن وارڈفعال نہ ہوسکے۔ جناح اسپتال میں جنرل وارڈ میں زیرعلاج کانگو وائرس کے مشتبہ مریض کی وجہ سے خوف وہراس پھیل گیا۔ ڈاکٹر اورپیرا میڈیکل اسٹاف کام کرنے کو تیار نہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں کانگو وائرس سے نمٹنے کے لیے انتظامات کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ آئسولیشن وارڈ بنائے تو گئے مگر فعال نہ ہوسکے۔ مشتبہ مریضوں کو جنرل وارڈز میں رکھا جارہا ہے جس کی وجہ سے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف میں خوف پھیلا ہوا ہے۔ ایسی ہی صورت حال رونما ہوئی جناح اسپتال کے وارڈ نمبر تیئس میں جہاں کوئٹہ سے کانگووائرس کے شبے میں 34 سالہ عبدالنبی کو لایا گیا تھا۔ خون کی الٹیاں آنے کی وجہ سے ڈاکٹرز اور نیم طبی عملے دیگر مریضوں اور لواحقین میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ڈر کے مارے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف مریض کے معائنے سے کتراتا رہا۔ کانگو وائرس سے کراچی میں پانچ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر شہروں سے بھی متاثرہ مریضوں کو کراچی کے اسپتالوں میں ہی لایا جارہا ہے۔