Thursday, April 25, 2024

لاہور اور کراچی میں سال نو کی آمد پر ہوائی فائرنگ سے 53افراد زخمی

لاہور اور کراچی میں سال نو کی آمد پر ہوائی فائرنگ سے 53افراد زخمی
January 1, 2019
لاہور ( 92 نیوز ) سال نو کی آمد پر ہوائی فائرنگ کی روایت بر قرار رکھی ۔ ملک کے دو بڑے شہروں میں پولیس ہوائی فائرنگ کے خلاف وارننگ تو دیتی رہی لیکن عملی طور پر کچھ نہ کر سکی جس کے باعث  کراچی میں 19 جبکہ لاہور میں 34افراد اندھی گولیوں کا شکار ہو کر اسپتال پہنچ گئے ۔ سالِ نو پرکراچی اور لاہور  فائرنگ سے گونج اٹھا، ہوائی فائرنگ سے بچوں اور خواتین سمیت 53  افراد زخمی ہوگئے،نئے سال کی خوشی میں پولیس اہلکار بھی بے قابو ہوگئے اور کراچی کے  ڈاکس تھانے کے سامنے فائرنگ کرتے رہے۔ منچلوں میں جوش میں ہوش کھو کر رات بھر ہوائی فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا ، کراچی میں منچلوں کو روکنے کے بجائے پولیس اہلکار خود ہی قانون کا گلہ گھونٹتے رہے ،ڈاکس تھانے کے سامنے پولیس اہلکار سر عام ہوائی فائرنگ کرتا رہا۔ پاپوش نگر،دہلی کالونی،اللہ والی چورنگی، کینٹ اسٹیشن،رنچھوڑ لائن،عائشہ منزل،اورکورنگی میں ہوائی فائرنگ سے کئی افراد زخمی ہو گئے ۔ پرانی سبزی منڈی،ناگن چورنگی،ایف بی ایریا،لانڈھی،جیکب لائن ، سولجر بازار اور دیگر علاقے ہوائی فائرنگ سے گونجتے رہے ۔ نیوایئرنائٹ پر قانون کی دھجیاں بکھیرنے میں لاہور کے شہری بھی پیچھے نہ رہے ۔رات بھر ہوائی فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔جس کے نتیجے میں 34 سے زائد افراد زخمی ہو کر اسپتال پہنچ گئے ۔