Saturday, May 11, 2024

کراچی: فائرنگ اورآتش بازی سے 21 افراد زخمی

کراچی: فائرنگ اورآتش بازی سے 21 افراد زخمی
January 1, 2017

کراچی (92نیوز) سال 2017 کی آمد پر کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 20 افرادجبکہ آتش بازی سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔ پولیس نے ہوائی فائرنگ کے الزام میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق نئے سال 2017 کی آمد پر کراچی کے مختلف علاقوں میں شدید آتش بازی اور ہوائی فائرنگ کی گئی۔ اس دوران 20 افراد جبکہ آتش بازی سے ایک شخص زخمی ہوا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعات لیاقت آباد، اولڈ سٹی ایریا، پٹیل پاڑہ، کالا پل، بلدیہ، ملیر اور نیو کراچی میں ہوئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دوسری جانب کلفٹن کے علاقے میں پولیس نے اپنے ہی 2 پیٹی بند بھائیوں کو ہوائی فائرنگ کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ ملیر ماڈل کالونی میں بھی ہوائی فائرنگ کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔ ادھر سی وی یو اور ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی پر نیوائیر نائٹ کے جشن منانے منچلوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی اور ہلڑبازی شروع کر دی۔

منچلے جب بے قابو ہوئے تو پولیس بھی ایکشن میں آگئی اور لاٹھی چارج شروع کر دیا۔ پولیس کے مطابق دونوں مقامات سے 19 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ فائیو اسٹار چورنگی منچلوں کے لائے ہوئے لاوڈ اسپیکر بھی تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔