Tuesday, April 23, 2024

کراچی : رینجرزکے آپریشن سے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی : رپورٹ

کراچی : رینجرزکے آپریشن سے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی  : رپورٹ
August 2, 2015
کراچی(92نیوز)کراچی میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن کے باعث جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں دہشتگردوں، ٹارگٹ کلرز، بھتہ خوروں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن 5 ستمبر 2013 کو شروع کیا گیا۔محکمہ پولیس کی کمزوریوں کے تناظر میں رینجرز کو اس آپریشن میں مرکزی کردار ادا کرنا پڑا۔ 5 ستمبر 2013 سے اب تک رینجرز کی جانب سے 5800 سے زائد آپریشنز کیئے جا چکے ہیں۔ ان کارروائیوں میں رینجرز نے 10 ہزار سے زائد جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا جن میں سے 5000 سے زائد ملزم پولیس کے حوالے کیئے گئے۔ رینجرز نے کراچی میں مختلف مقامات سے غیر قانونی اسلحہ بھی بڑی تعداد میں برآمد کیا جس میں 7500 سے زائد ہتھیار اور ساڑھے تین لاکھ گولیاں اور کارتوس بھی شامل ہیں۔ اس آپریشن میں رینجرز کے ہاتھوں 850 دہشتگرد گرفتار ہوئےجبکہ 350 سے زائد ٹارگٹ کلرز 3000 سے زائد بھتہ خور اور اغوا برائے تاوان کے 82 ملزم بھی پکڑے گئے۔ رینجرز نے مختلف کارروائیوں کے دوران 50 مغویوں کو بھی بازیاب کروایا  کراچی آپریشن میں رینجرز اب تک 380 سے زائد دہشتگردوں کو بھی جہنم واصل کر چکی ہے۔ رینجرز کی پے در پے کارروائیوں اور آپریشنز کے نتیجے میں شہر میں نہ صرف دہشتگردی میں واضح کمی ہے بلکہ معمولی جرائم کی وارداتیں بھی کم ہو چکی ہیں.