Tuesday, April 23, 2024

کراچی: رینجرز کی کارروائیاں، بائیس ملزم گرفتار، ایم کیو ایم اور گینگ وار کے پانچ کارندے عدالت میں پیش

کراچی: رینجرز کی کارروائیاں، بائیس ملزم گرفتار، ایم کیو ایم اور گینگ وار کے پانچ کارندے عدالت میں پیش
November 29, 2015
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز کی کارروائیوں میں گرفتار ایم کیو ایم اور گینگ وار کے پانچ کارندوں کو عدالت میں پیش کر دیا  گیا۔ دوسری جانب مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران بائیس ملزم پکڑے گئے۔ رینجرز نے کورنگی، ایم اے جناح روڈ اور آئی آئی چندریگر روڈ پر کارروائیوں میں گرفتار ملزموں کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر دیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم وسیم احمد عرف شمع ایم کیو ایم کا سیکٹر انچارج ہے جو ٹارگٹ کلر گینگ کے ذریعے پولیس اہلکاروں سمیت دیگر افراد کے قتل میں ملوث ہے۔ ملزم ابراہیم زمینوں پر قبضوں اور بھتہ خوری، جبکہ اصغر یعقوب ٹارگٹ کلرز کو اسلحہ فراہم کرتا تھا۔ جی پی او ملازمین کی شکایت پر متحدہ قومی موومنٹ لیبر ڈویژن کمیٹی کے ممبر عقیل کو گرفتار کیا گیا۔ عقیل جی پی او ملازمین سے ماہانہ تنخواہ پر مقرر کی ہوئی رقم بھتہ کے طور پر وصول کرتا تھا جو دہشت گردی میں استعمال ہوتی تھی۔ گینگ وار تاجو استاد گروپ کے ریاض عرف ڈانسر، حفیظ، کاشف اور جمیل عرف ڈاڈا کو بھی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ ملزم ریاض عرف ڈانسر پانچ افراد کے قتل میں ملوث ہے۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے رینجرز کے لاء آفیسرز کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزموں کو نوے روز کے لئے رینجرز کی تحویل میں دے دیا۔ دوسری جانب رینجرز نے اتحاد ٹاؤن، لی مارکیٹ اور شاہ فیصل بلال کالونی، مہران ٹاؤن، ماڑی پور، کورنگی انڈسٹریل ایریا اور قائد آباد میں بھی چھاپے مار کارروائیاں کیں۔ کارروائی میں کالعدم تنظیم کے کارندوں اور سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے ٹارگٹ کلرز سمیت بائیس ملزموں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔