Wednesday, April 24, 2024

رینجرز اختیارات کے معاملے میں سائیں سرکار ایک اور چال چلنے کو تیار

رینجرز اختیارات کے معاملے میں سائیں سرکار ایک اور چال چلنے کو تیار
December 19, 2015
کراچی (92نیوز) حکومت سندھ رینجرز کے خصوصی اختیارات کو مشروط کرنے کے بعد اب ان کی مدت ایک سو بیس روز سے کم کرکے ساٹھ روز کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے۔ رینجرز کے اختیارات کی سمری ابھی تک وزیراعلیٰ ہاو¿س میں اٹکی ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق رینجرز کے اختیارات کے لیے قرارداد تو گیارہ سیکنڈ میں منظور ہوگیا مگر نوٹی فکیشن وزیراعلیٰ ہاوس میں پھنسا ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت سندھ ایک اور چال کے تحت رینجرز کے انتہائی محدود اختیارات میں ڈنڈی مارنا چاہتی ہے۔ سائیں سرکار نے سندھ اسمبلی سے رینجرز کے قیام کو جولائی 2016ءتک منظور کرایا اور چار سنگین جرائم میں ان کے اختیارات کو مشروط کردیا مگر اب سندھ حکومت رینجرز کے مشروط خصوصی اختیارات کی مدت بھی ساٹھ روز تک محدود کرنا چاہتی ہے۔ اس سے قبل انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ءکے تحت یہ اختیارات 120 روز کے لیے دیے جاتے تھے۔ دوسری جانب رینجرز کے اختیارات سے متعلق سمری کے لیے الگ ہی کھچڑی پک رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سمری صوبائی وزیرداخلہ، سیکرٹری قانون، وزیر قانون، ایڈووکیٹ جنرل ، چیف سیکرٹری اور پھر وزیراعلی سندھ کے دربار میں پہنچے گی۔ وزیراعلیٰ کی منظوری کے بعدمحکمہ داخلہ سندھ وفاقی وزارت داخلہ کو بھیجے گا۔ وفاقی وزارت داخلہ کے قائل ہونے صورت میں محکمہ داخلہ سندھ حتمی نوٹی فکیشن جاری کردیگا مگر ذرائع کہتے ہیں کہ قائم علی شاہ سمری کو وزیراعلیٰ ہاو¿س سے نہیں نکلنے دے رہے اور اس سلسلے وہ پراسیکیوٹر جنرل سندھ شہادت اعوان سے مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں۔