Friday, May 10, 2024

کراچی ، رئیس گوٹھ میں رینجرز ، سی ٹی ڈی کا آپریشن ، دو مطلوب دہشت گرد ہلاک

کراچی ، رئیس گوٹھ میں رینجرز ، سی ٹی ڈی کا آپریشن ، دو مطلوب دہشت گرد ہلاک
August 19, 2020
 کراچی (92 نیوز) کراچی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ رئیس گوٹھ میں رینجرز اور سی ٹی ڈی نے آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے دو انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک کر دیئے۔ رینجرز اور سی ٹی ڈی نے بلدیہ رئیس گوٹھ میں رات گئے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا ۔ چھاپے کے دوران دہشتگردوں نے فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ سے دو دہشتگرد مارے گئے۔ دہشتگردوں سے دو کلاشنکوف ، دو نائن ایم ایم پستول اور بھاری تعداد میں گولیاں اور دیگر سامان برآمد ہوا ۔ انچارج سی ٹی ڈی مظہر مشوانی کے مطابق ملزمان کی شناخت رفیق اور عدنان کے نام سے کی گئی ہے جن  کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشتگرد اور ان کے ساتھی شہر میں کسی بڑی وارات کی منصوبہ بندی کر رہے تھے جو بروقت ایکشن سے ناکام ہو گئی۔ ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ہلاک  ملزم رفیق عرف عادل  کی گرفتاری پر سندھ حکومت کی طرف سے 20 لاکھ روپے انعام مقرر تھا۔ عدنان شبیر عرف قاری کالعدم تنظیم کا انتہائی خطرناک دہشتگرد تھا۔ دونوں دہشتگرد بم دھماکوں، بینک ڈکیتی، فرقہ وارانہ دہشتگردی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی متعدد ٹارگٹ کلنگ کی کاروائیوں میں ملوث تھے ۔ دونوں ملزمان حال میں ہی افغانستان سے کراچی آئے تھے اور بڑی دہشتگردی کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ادھر لاہور سے گرفتار دہشت گرد کے دوران تفتیش اہم انکشافات ہو گیا۔ دہشتگرد لیاقت نے بتایا پولیس لائنز کے باہر دھماکا کرنا تھا۔ مکرم خان عرف عمر خراسانی نے حکم دیا۔ دہشت گرد نے انکشاف کیا کہ  وہ اسٹیشن پر خود کش بمبار لڑکے کا انتظار کر رہا تھا لیکن گرفتار ہو گیا۔ اس نے یہ انکشاف بھی کہا کہ حملے کا منصوبہ چند روز قبل بنایا گیا، سترہ سالہ بمبار  پڑوسی ملک کا رہائشی ہے۔ لیاقت کو گزشتہ روز اسٹیشن سے سی ٹی ڈی نے گرفتار  کیا تھا جس کے پیش نظرسکیورٹی ہائی الرٹ  کردی گئی۔ آئی جی ریلوے پولیس  نے تمام ڈویژنوں کے ایس پیز کو فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایات  جاری کر دی ہیں۔ ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنوں اور ریلوے تنصیبات پر ریلوے پولیس کی نفری بڑھا دی گئی اور پولیس کمانڈوز بھی تعینات کر دیئے گئے۔