Thursday, April 25, 2024

کراچی ، دوہرے قتل کی اطلاع دینے والا مالک مکان بھی گرفتار

کراچی ، دوہرے قتل کی اطلاع دینے والا مالک مکان بھی گرفتار
November 28, 2017

کراچی ( 92 نیوز ) کراچی کے علاقے مومن آباد میں مبینہ طورپر جرگے کے فیصلے پر میاں بیوی کے قتل کی لرزہ خیز واردات کا مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ مقدمہ نمبر 494 سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا ۔ پولیس نے قتل کی اطلاع دینے والے مالک مکان کو بھی گرفتار کرلیا۔
مومن آباد پولیس نے قتل کی اطلاع دینے والے مالک مکان گرفتار کرلیا۔ ملزم کو کرائے داری ایکٹ کے تحت گرفتار کیا ہے ۔ مالک مکان افضل زادہ نے کرایے پر دینے کا نہ ایگریمنٹ بنایا نہ تھانے میں کرایہ نامہ جمع کروایا۔
مالک مکان کا کہنا ہے کہ میں تو خود تھانے آیا تھا قتل میں ملوث تمام ملزمان کی گرفتاری میں اپنا کردار ادا کیا۔اب جب سب گرفتار ہوگئے تو مجھے بھی کرایہ داری میں بند کردیا گیا ہے ۔
اس سے قبل دہرے قتل کی لرزہ خیز واردات کا مقدمہ ایف آئی آر نمبر 494 سرکار مدعیت میں درج کر لیا گیا۔
مقدمے میں قتل،لاش کو چھپانے کے علاوہ انسداد دہشتگری ایکٹ کی دفعہ بھی شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ مقتولہ حسینہ کے والد مسکین نے چار بیٹوں کی مدد سے میاں بیوی کو قتل کیا ۔ قتل کرنے والے بھائیوں کے نام حبیب ،ایوب،اعظم اور مرزا ہیں ۔ میاں بیوی کو غیرت کے نام پر 22نومبر کی شب قتل کیا گیا۔۔
عبدالہادی نےمکان کرائے پر حاصل کرنے کیلئے مالک مکان سے 19نومبر کو ملاقات کی ۔ ایف آئی آر کے مطابق میاں بیوی کی لاشیں 23 نومبر کی شب بوری میں چھپاکر قائمخانی قبرستان منتقل کی گئیں ۔
لاشوں کو چھپانے کیلئے ضیاء الحق،حبیب،ایوب اور غلام رسول نے رات ڈیڑھ بجے قبرستان میں گڑھے کھودے جبکہ عبدالرشید،اعظم اور مرزا نے لاشیں رکشے میں ڈال کر قبرستان منتقل کیں ۔